موٹروے پولیس کے 26 سینئر پیٹرول افسران کی چیف پیٹرول آفیسر کے عہدے پر ترقی

پیر 25 ستمبر 2017 21:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) موٹروے پولیس کے 26 سینئر پیٹرول افسران کو چیف پیٹرول آفیسر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ پیر کو ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سیدکلیم امام نے ترقی پانے والے افسران کو رینک لگائے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں 26 سینئر پیٹرول آفیسرز کو چیف پیٹرول آفیسر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

ترقی پانے والوں میں دو خواتین آفیسر بھی شامل ہیں۔ موٹروے پولیس لائن ہیڈ کواٹر اسلام آباد میں سینئر پیٹرول آفیسر سے چیف پیٹرول آفیسر کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران کو ترقی کے بیجز لگانے کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی ۔

(جاری ہے)

جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل تھے۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام ، موٹروے پولیس کے زونل کمانڈرزاور سیکٹر کمانڈرز، ریٹائرڈ آئی جیز ، بیورکریٹس اور موٹروے پولیس کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ، فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن ، لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہموٹروے پولیس پاکستان کی چند باوقار اور نیک نام اداروں میں سے ہے۔ موٹروے پولیس نے پاکستان میں نہ صرف پولیسنگ کا ایک نیا کلچرا متعار ف کرایا ہے بلکہ معاشرے میں قوانین کے احترام کی ایک نئی سوچ بھی پیدا کی ہی- یہی وجہ ہے کہ ہائی ویز اور موٹروے پر عوام قوانین کا پوری طرح احترام کرتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہات بلا شبہ کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتیں ہیں۔ اور اسی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے 1997میں پاکستان کی پہلی موٹروے M-2 معرضِ وجود میں لائی گئی اور اس کاباقاعدہ آغاز کیا گیا۔اس سفر میں روزِ اول سے لیکر آج تک موٹروے پولیس اور ایف ڈبلیو او ساتھ ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دِنوں میں ایک دفعہ پھر موٹروے پولیس اور ایف ڈبلیو او کو سی پیک کی شکل میں ایک اور بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے اور ہماری پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہونے والا ہے۔

ہم سب ملکر ایک دفعہ پھر جانفشانی سے کام کر کے اور اپنی صلاحیتوں کو بھر پور طریقے سے استعمال میں لاتے ہوئے مستقبل کے سب چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کریں گے اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے بطریق احسن عہدہ براء ہونگے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے عوام کے اندر جس تیزی سے اپنا مقام بنایا ہے وہ قابل تحسین ہے - ٹریفک ڈسپلن اور ٹریفک قوانین کا شعور عوام میں بہتر طریقے سے اجاگر کرنے میں موٹروے پولیس کی خدمات قابل ستائش ہیں- موٹروے پولیس کو جو پذیر ائی ملی ہے ،اس میںتمام افسران اورجوانوں کی محنت ، حسن اخلاق اورجذبہ کارفرما ہے۔

اس موقع پر انہوں نے موٹروے پولیس کے 34شہید پولیس افسران کے بچوں کے ایک سال کی سکول فیس17لاکھ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فسران محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے ادارے کا نام مزید روشن کریں اور اپنے حسن اخلاق سے اس کی نیک نامی میں مزید اضافہ کریں۔خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سیدکلیم امام نے کہا کہ مستقبل میں سی پیک منصوبے کے تحت نئی جدید شاہرائوں کے قیام کے نتیجے میں موٹروے پولیس کی افرادی قوت، دائرہ کار اور محکمانہ ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

جس کے لئے موثر لائحہ عمل ترتیب دے رہے ہیں تاکہ مستقبل میں متوقع مشکلات اور چیلنجز سے احسن طریقے سے نمٹا جا سکے۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ افسران کی ترقی ان کی بہترین کارکردگی کا اعتراف ہے۔ ترقی پانے والے افسران اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں اور محکمے کا نام مزید روشن کریں۔

تقریب کے آخر میں ڈائریکٹر جنرل ، فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن ، لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سیدکلیم امام نے سینئر پیٹرول آفیسر /انسپکٹر سے چیف پیٹرول آفیسر /ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران اشفاق احمد، محمد معظم جلیس ، عمران عدیل، عامر جمیل ، حافظ سید احمد نعمان حسن، ندیم گل ، محمد یونس خان، عرفان فیصل ، شوکت علی چنگیزی ، حسنین عباس، سائرہ مشتاق، فراست علی ، احسن علی، وقار علی ملک، محمد خان طور، علی عابد رضوان، افتخار احمد، صدردین خان تالپور، حنیف عارف، نزاکت علی ، محمد شہباز عالم، امداد اللہ شاہد، احسن دانش، علی حسن خان اور عطاالرحمان کو چیف پیٹرول آفیسر /ڈی ایس پی کے بیجز لگائے ۔

اس موقع پر انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سید کلیم امام نے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ، فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن ، لیفٹیننٹ جنرل محمدا فضل کو شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :