محرم الحرام کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں ،اس سلسلے میں مجوزہ سکیورٹی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی متعلقہ حکام کوہدایت

پیر 25 ستمبر 2017 21:33

محرم الحرام کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 ستمبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے متعلقہ حکام کوہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں مجوزہ سکیورٹی پلان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں محرم الحرام کے دوران امن عامہ کی صورتحال اور اس سلسلے میں انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد اعظم خان، انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین محسود، کمشنر پشاور ، سیکرٹری محکمہ داخلہ ، ڈپٹی کمشنر پشاور، سی سی پی او ، ڈی آئی جی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور مجوزہ سکیورٹی پلان پر بریفینگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے انتظامات اور مجموعی سکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کیااور کہاکہ صوبائی حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے سلسلے میں کافی حساس ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عوام کے جان ومال اور اداروں کا تحفظ حکومت کا اولین فرض ہے ۔تاہم ماہ محرم کے دوران متعلقہ اداروں اور حکام کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ جاتی ہیں۔ لہٰذااس ماہ کے دوران ماحول کو پرامن رکھنے کیلئے زیادہ چوکس رہنے اور سکیورٹی پلان پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔