وقت آگیا ہے کہ ایشیاء کے عوام اپنی تقدیر بدلنے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں،ترقی کیلئے مل کر جدوجہد کریں،چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کا چین کے 68 ویں قومی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب

پیر 25 ستمبر 2017 23:22

وقت آگیا ہے کہ ایشیاء کے عوام اپنی تقدیر بدلنے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں،ترقی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ استعماری قوتوں نے ایشیاء کی افرادی قوت اور وسائل کا بے دریغ استحصال کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ایشیاء کے عوام اپنی تقدیر بدلنے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اور ایشیاء کی ترقی کیلئے مل کر جدوجہد کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چین کے 68 ویں قومی دن کے موقع پر مقامی ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں بڑی تعداد میں اراکین پارلیمنٹ ، سیاسی رہنما ، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ، سفرا اور صحافیوں نے شرکت کی۔

چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر چین کی عوام ، سیاسی قیادت اور حکومت کو مبارکباد بھی دی اور کہا کہ چین اور پاکستان میں کافی قدریں مشترک ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں کے مابین تعلقات اور باہمی تعاون مختلف شعبوں میں وسعت اختیار کر گیا ہے اور تجارت کافی مثبت سمت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاء کی خوشحالی کیلئے آج پاکستان اور چائنا اکھٹے ہیں اور خطے کی مجموعی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔

اس موقع پر چین کے سفیر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کی ایک بہترین مثال ہیں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کاوشوں کو سراہتا ہے اور بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے انہوں نے دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر زور بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :