این آئی اے کی طرف سے سید علی گیلانی کے فرزندکو دوبارہ دہلی طلب کرنے کی حریت کانفرنس کی مذمت

حریت چیئرمین کاڈاکٹر معراج الدین منشی کی وفات پر اظہار افسوس

منگل 26 ستمبر 2017 19:14

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے چیئرمین سید علی گیلانی کے فرزند ڈاکٹر نسیم گیلانی کو آج ایک بار پھردہلی طلب کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض سید علی گیلانی کے عزم وہمت کو توڑنے کی کوشش ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر نسیم گیلانی کو تیسری بار دہلی طلب کیا گیا اور انہیں غیر ضروری اور غیر متعلقہ سوالات پوچھ کر پریشان اورہراساں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے دونوں بھائیوں ڈاکٹر نعیم گیلانی اور ڈاکٹر نسیم گیلانی کو 8سے 11اگست اور پھر 24سے 30اگست تک پوچھ گچھ کی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ این آئی اے سید علی گیلانی کے فرزندوں کوانتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل حریت چیئرمین کے قریبی ساتھیوںالطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ اورراجہ معراج الدین کلوال کے حوصلوں کو توڑنے کے لیے گرفتارکیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ این آئی اے کی طرف سے حریت رہنمائوں، تاجروں، دانشوروں، وکلاء یہاں تک کہ خواتین کو بھی نشانہ بنایا گیاجن میں شبیر احمد شاہ، ڈاکٹر بلقیس شاہ، آغا سید حسن الموسوی الصفوی، میاں عبدالقیوم، حاجی غلام نبی سمجھی، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، شاہ ولی محمد، اعلیٰ فاضلی، محمد یٰسین خان، شاہد الاسلام، نور محمد کلوال، چودھری عبدالرزاق اور دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اور رہنمائوں کو دبانے کے یہ تمام حربے ماضی کی طرح ناکام ہوجائیں گے اور کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد اپنی منزل سے ہمکنار ہوکر رہے گی۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ڈاکٹر معراج الدین منشی کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ سید علی گیلانی کی ہدایت پر پارٹی رہنمائوں محمد رفیق اویسی، محمد اشرف اور غلام میر پر مشتمل وفد مرحوم کے گھر گیا اور لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔