ایس ایس پی ملیر رائو انوار کی سرپرستی میں عام شہریوں پر پولیس گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، فردوس شمیم نقوی

پولیس شہر میں امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے بجائے شہریوں سے ہی پیسے بٹور رہی ہے، صدر پی ٹی آئی کراچی

منگل 26 ستمبر 2017 20:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ایس ایس پی ملیر رائو انوار کی سرپرستی میں عام شہریوں پر پولیس گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ گڈاپ ٹائون میں معصوم شہریوں پر پولیس کی جانب سے بلاجواز گرفتاریاں، تشدد کرنے اور ان کے اہل خانہ سے ہزاروں روپے بٹورنے کا عمل جاری ہے جس کے خلاف کوئی کاروائی کرنے والا نظر نہیں آرہا ۔

(جاری ہے)

پولیس شہر میں امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے بجائے شہریوں سے ہی پیسے بٹور رہی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر پولیس گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کراچی کے رہنما سیف الرحمان خان ، راجہ اظہر اور دیگر بھی موجود تھے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ ایک طرف شہری اسٹریٹ کرائمز اور بد امنی سے پریشان ہیں تو دوسری طرف پولیس ان کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے ان پر ظلم کر کرہی ہے۔ ہم آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گڈاپ ٹائون کے علاقے میں جاری پولیس گردی کا نوٹس لیں تاکہ شہریوں کی جا ن و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔