سپریم کورٹ نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کیلئے درخواست خارج کردی

منگل 26 ستمبر 2017 22:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2017ء) سپریم کورٹ نے عوامی راج پارٹی کے سربراہ ا ور قومی اسمبلی کے رکن جمشید دستی کی نااہلی کیلئے دائر درخواست خارج کردی ہے ، منگل کوجسٹس گلزار احمد اور جسٹس مقبول باقر پرمشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزاروحید کمال نے ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر دلائل دئیے اورموقف اپنایا کہ وہ وکیل کے ذریعے عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس گلزار احمد نے ان سے کہاکہ جمشید دستی کیخلاف یہ پرانا کیس ہے آپ پہلے کہاں تھے، یہ تین سال پرانا کیس ہے آپ پہلے وکیل کیوں نہیں لائے، جس پردرخواست گزار نے کہاکہ وہ شہر سے باہر تھا۔ جسٹس مقبول باقر نے کہاکہ درخواست گزار اس معاملہ میں متاثرنہیں ہوتااس لئے عدالت درخواست کو خارج کر تی ہے۔