بھارت جب بین الاقوامی فورمز میں مقبوضہ کشمیر پر اپنے غاصبانہ قبضہ کے سلسلہ میں پاکستانی مئوقف کا سامنا نہیں کر سکتا ‘ ذلیل و رُسوا ہوتا ہے تو سیز فائر لائن کی سنگین خلاف ورزیاں شروع کر دیتا ہے

ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر کا بیان

بدھ 27 ستمبر 2017 14:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 ستمبر2017ء) سردار فاروق احمد طاہر ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت جب بین الاقوامی فورمز میں مقبوضہ کشمیر پر اپنے غاصبانہ قبضہ کے سلسلہ میں پاکستانی مئوقف کا سامنا نہیں کر سکتا اور ذلیل و رُسوا ہوتا ہے تو سیز فائر لائن کی سنگین خلاف ورزیاں شروع کر دیتا ہے اور اپنی دہشت گرد افواج کو ہمارے معصوم شہریوںپر گولہ باری کرنے کی کُھلی چُھٹی دے دیتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہد خاقان عباسی نے جس مدلل اور جُرا،ْتمندانہ انداز سے کشمیریوں کی نمائندگی کی اُس کے لیئے ہم اُنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں ایک چنگاری کی مانند ہے اور بین الاقوامی برادری کو چاہیئے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کر کے مزید دیر کرنے سے پہلے جنوبی ایشا میں قیام امن کی گارنٹی فراہم کریں، بصورت دیگر امن و امان کی باتیں کرنا بے معنی ہے۔

(جاری ہے)

سردار فاروق احمد طاہر ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ بھارت کو بھی اس بات پر غور کرنا چاہیئے کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے انحراف سے وہ یہ نہ سوچے کہ ہمیشہ ہی کشمیریوں کو بذور غلام رکھ سکے گا، اُسے ہر حال میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد پر تیزی دکھانی ہی پڑے گی کیونکہ مسئلہ کشمیر کی موجودگی میں دن بدن بھارت تباہی کے دھانے کی طرف جا رہا ہے۔ اس لیئے یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی بھارت کی اپنی ترقی منسلک ہے۔