تھائی لینڈ کی سابق وزیراعظم ینگ لٴْک شیناوترا کو فرائض میں غفلت برتنے کے الزام میں پانچ برس قید کی سزا سنادی گئی

سپریم کورٹ کے 9 ججز کو شیناوترا کو دی جانے والی سزا کی تفصیلات پڑھ کر سنانے میں 4 گھنٹے لگے

بدھ 27 ستمبر 2017 19:55

بنکاک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2017ء) تھائی لینڈ کی سابق وزیراعظم ینگ لٴْک شیناوترا کو فرائض میں غفلت برتنے کے الزام میں پانچ برس قید کی سزا سنادی گئی۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق تھائی لینڈ کی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم ینگ لٴْک شیناوترا کو فرائض میں غفلت کا مجرم ٹھہراتے ہوئے ان کی غیر موجودگی میں انہیں پانچ برس قید کی سزا سنائی۔

شیناوترا پر الزام تھا کہ انہوں نے چاول پر سبسڈی کی اسکیم میں ہونے والی بدعنوانی کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔سپریم کورٹ کے 9 ججز کو شیناوترا کو دی جانے والی سزا کی تفصیلات پڑھ کر سنانے میں 4 گھنٹے لگے۔ ججز نے کہا کہ شیناوترا پر لگائے جانے والے الزامات درست ثابت ہوئے ہیں اور انہیں پانچ برس قید کی سزا سنائی جاتی ہے جو معطل نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

تھائی لینڈ میں فرائض میں غفلت کا مظاہرہ کرنے پر زیادہ سے زیادہ 10 برس قید کی سزا ہے تاہم ججز نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے شیناوترا کو 5 برس قید کی سزا کیوں سنائی۔

ینگ لک شیناوترا نے عدالتی کارروائیوں میں شرکت نہیں کی تھی اور ان کے بارے میں یہ اطلاعات ہیں کہ وہ دبئی فرار ہوچکی ہیں۔ انہیں 25 اگست کو عدالت میں پیش ہونا تھا تاہم وہ عدالت آنے کے بجائے ملک سے فرار ہوگئی تھیں۔ شیناوترا اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتی ہیں۔یاد رہے کہ ینگ لک شیناوترا کی حکومت کا تختہ 2014 میں فوج نے الٹ دیا تھا اور اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سابق وزیراعظم پر کرپشن کے مقدمات قائم کیے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :