آئین پاکستان کے تحت ملک میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی گنجائش نہیں ہے، ایسی باتیں کرنا ملک سے غداری ہے، گورنر سندھ

ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنانے کے لیے امن وامان اور بجلی کا بحران کا حل ن لیگ کی ترجیحات تھیں اور اس پر خاطر خواہ کامیابی ملی ہے، محمدزبیر

جمعرات 28 ستمبر 2017 15:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2017ء) گورنر سندہ محمد زبیر نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت ملک میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی گنجائش نہیں ہے، ایسی باتیں کرنا ملک سے غداری ہے، سسٹم ڈی ریل نہیں ہونا چاہیے اسے چلتے رہنا چاہیے۔یہ بات انہوں نے کراچی گورنر ہائوس میں اقتصادی رپورٹنگ کرنے والے (کامرس رپورٹرز)صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

محمد زبیرنے کہاکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے برآمد کنندگان کے ریفنڈ فوری جاری کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری اس وقت بڑھے گی جب تاجروں کا ریفنڈ کا معاملہ حل ہوگا۔حکومت کا ریونیو 4 سال میں 1900 سے بڑھ کر 3500 ارب ہوگیا ایسے میں تاجروں کے ریفنڈ روکنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ مسلم لیگ(ن( کا کارنامہ ہے جس سے ملک میں توانائی اور انفرا اسٹرکچر کے منصوبے زیر تکمیل ہیں اور ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنانے کے لیے امن وامان اور بجلی کا بحران کا حل نون لیگ حکومت کی ترجیحات تھیں اور اس پر خاطر خواہ کامیابی ملی ہے، ملک میں صنعتی لوڈ شیڈنگ ختم ہو گئی ہے۔گورنر سندھ نے اقتصادی رپورٹنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک اور دیگر سرمایہ کاری کی اندرون اور بیرون ملک کانفرنسوں میں کراچی کے اقتصادی رپورٹنگ کرنے والے رپورٹرز کو بہی شامل کیا جائے گا۔