شام میں اتحادیوں کے حملے میںڈرون بنانے کے ماہرداعش کی3 عسکریت پسند ہلاک

ابومداح التیونسی اور ساجد فاروق بابر اتحادی افواج کی فضائی کارروائی میں مارے گئے جبکہ سلمان اور انکے ساتھی کو گاڑی میں سفر کرتے ہوئے نشانہ بنایا گیا، تین انتہائی ماہر عسکریت پسندوں کی ہلاکت سے داعش کے ڈرون بنانے اور اسے استعمال کرنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے ،ترجمان امریکی فوج کرنل رائن ڈیلون

جمعہ 29 ستمبر 2017 15:45

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 ستمبر2017ء) شام میں اتحادیوں کے حملے میں ڈرون بنانے کے ماہرداعش کی3 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق اور شام میں داعش کے خلاف برسرپیکار امریکہ کی زیر قیادت اتحاد نے کہا ہے کہ رواں ماہ شام میں ایک کارروائی میں داعش کے تین شدت پسند مارے گئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ مارے جانے والے عسکریت پسند داعش کے ڈرون بنانے کے ماہرین تھے۔

(جاری ہے)

داعش کے خلاف قائم اتحاد کے لیے امریکی فوج کے ترجمان کرنل رائن ڈیلون نے کہا ہے کہ ابومداح التیونسی 12 ستمبر جب کہ ساجد فاروق بابر 13 ستمبر کو شام میں اتحادی افواج کی فضائی کارروائی میں مارے گئے۔کرنل رائن نے بغداد سے ویڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے یہ دونوں جنگجو ڈرون بنانے کے ذمہ دار تھے۔جب کہ داعش کے لیے ڈرون تیار کرنے والے ایک اور ماہر ابو سلمان 14 ستمبر کو شام میں ایک الگ فضائی کارروائی میں مارے گئے۔سلمان اور ان کے ایک ساتھی ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ انھیں نشانہ بنایا گیازکرنل رائن نے کہا کہ تین انتہائی ماہر عسکریت پسندوں کی ہلاکت سے داعش کے ڈرون بنانے اور اسے استعمال کرنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔