نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی فلم کی شوٹنگ شروع

جمعہ 29 ستمبر 2017 22:36

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی فلم کی شوٹنگ شروع
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2017ء) بالی وڈ میں امن کی نوبل انعام یافتہ اور پاکستان کی بیٹی ملالہ یوسفزئی پر بننے والی فلم ’’گل مکئی‘‘ کی شوٹنگ شروع ہوگئی۔پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ نے 2009 میں سوات آپریشن کے دوران برطانوی میڈیا میں ڈائری لکھ کر سوات کی کشیدہ صورت حال کی منظر کشی کرکے عالمی شہرت حاصل کی تھی جس پر انہیں ستارہ جرات بھی دیا گیا۔

ملالہ پر 9 اکتوبر 2012 میں اسکول سے گھر واپسی پر قاتلانہ حملہ ہوا اور سر میں گولی لگنے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں جنہیں علاج کے لیے بیرون ملک لے جایا گیا، حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔ملالہ یوسف زئی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے دنیا بھر میں پہچانے جانے والا نام بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں ملالہ کی بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے کوششوں کو نہ صرف سراہا گیا ہے بلکہ انہیں اسی جدوجہد کے سلسلے میں امن کا نوبل انعام بھی دیا گیا۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر فلم بنائی جارہی ہے جس کی ہدایت کاری کے فرائض امجد خان سر انجام دے رہے ہیں۔ فلم’’گل مکئی‘‘ میں ملالہ کا کردار ٹی وی اداکارہ ریم شیخ ادا کررہی ہیں جب کہ والدہ کے کردار میں اداکارہ دیویا دتا اور اتل کلکرنی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔فلم میں ’ملالہ یوسف زئی‘‘ کی والدہ کا کردار کرنے والی اداکارہ دیویا دتا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’’گل مکئی‘‘ کی شوٹنگ شروع ہونے کا اعلان کیا۔ان کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ فلم ’’گل مکئی‘‘ کی شوٹنگ شروع ہوگئی ہے اور فلم ملالہ کی زندگی پر مبنی ہے۔

متعلقہ عنوان :