عاشورہ تک سندھ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہی: ڈاکٹرز اور طبی عملہ مستعد ہے، وزیر صحت سندھ

مذہبی ہم آہنگی کو موثر بنانے کے لئے صوبے کے علما ئے کرام کے ساتھ محکمے کا موثر رابطہ ہے،ڈاکٹر سکندر میندھرو

ہفتہ 30 ستمبر 2017 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2017ء) سندھ کے صحت، مذہبی امور اور زکوٰة و عشر کے وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اسپتالوں میں یوم عاشور تک ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ ہیں اور تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں رکہنے کی ہدایت ہے جبکہ ڈاکٹرز، طبی عملہ کو اپنی ڈیوٹیز پر مستعد اور فعال رہنے اور ادویات اور دیگر طبی سہولیات مکمل رکھنے اور ایمبولنس سروس کو بھی الرٹ رکہنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے طبی اقدامات کے بارے میں ہدایات کو پہلی محرم سے ہی موثر عملدرآمد کرایا جا رہا ہے تاہم 9 ,8 ، 10 محرم الحرام کے لئے خصوصی اقدامات کی ہدایات دے دی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ساتھ محکمہ مذہبی اور موثر رابطہ میں ہے تاکہ مذہبی ھم آھنگی کو فروغ دیا جائے اور علمائے کرام کی معاونت اور مشاورت سے مسائل کو حل کیا جاسکے ۔

اس مقصد کے لئے انہوں نے بحیثیت مذہبی امور کے وزیر گذشتہ دنوں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ساتھ ایک مفصل اجلا س بھی کیا جہاں علمائے کرام نے باہم رابطوں میں رہنے اور اپنے تمام تعاون کی یقین دہانی کرائی اور علمائے کرام حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔