گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں .78فیصد اضافہ ہوا ،13اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا

گڑ، خشک دودھ، دال چنا، دال مسور، گوشت، آٹا، گھی، ایل پی جی سلنڈر اور جلانے کی لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا کیلا، لہسن، سرخ مرچ، دال مونگ، چکن، آلو، دال ماش، انڈے اور چینی سمیت دس اشیا سستی ہوئیں‘ ادارہ شماریات

پیر 2 اکتوبر 2017 13:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2017ء) محکمہ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 13اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جس کی اوسط قیمت 160روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں .78فیصد اضافہ ہوا جس کا سب سے زیادہ بوجھ غریب طبقے پر پڑا۔

اس دوران مجموعی طور پر 13اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران ٹماٹر کی قیمت میں 35فیصد اضافہ ہوا جس کی وسطاًقیمت 160روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

پیاز کی قیمت فی کلو 60روپے تک پہنچ گئی۔ اس کے علاوہ گڑ، خشک دودھ، دال چنا، دال مسور، گوشت، آٹا، گھی، ایل پی جی سلنڈر اور جلانے کی لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران کیلا، لہسن، سرخ مرچ، دال مونگ، چکن، آلو، دال ماش، انڈے اور چینی سمیت دس اشیا سستی ہوئیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر حساس اعشاریوں میں آٹھ ہزار روپے آمدنی والے طبقے کیلئے .88فیصد، بارہ اور اٹھارہ ہزار روپے تک .83فیصد، پینتیس ہزار روپے آمدنی والے طبقے کیلئے .79 فیصد اور اس سے زائد آمدنی والے طبقے کیلئے .71فیصد اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :