روہت شرما کی شاندار سنچری : بھارت نے عالمی چیمپیئن آسٹریلیا کو آخری ون ڈے میں سات وکٹوں سے شکست دے دی

ْ پانچ میچوں کی سیریز 4-1 سے اپنے نام کر کے دوبارہ عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کر لیا روہت شرما میچ اور ہردک پانڈیا سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

پیر 2 اکتوبر 2017 14:27

ناگپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2017ء) روہت شرما کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے عالمی چیمپیئن آسٹریلیا کو پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 4-1 سے اپنے نام کر کے دوبارہ عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ناگپور میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں کینگروز قائد اسٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا۔

آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ڈیوڈ وارنر 53 رنز بنا کر نمایاں رہے لیکن اس کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ 32، کپتان اسمتھ 16، ہینڈزکومب 13، ٹریوس ہیڈ 42، مارکوس اسٹوئنس 46، میتھیو ویڈ 20، جیمز فالکنر 12 اور کولٹرنائیل بغیر کوئی رن بنائے آٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل نے 3 اور جسپریت بمراہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں روہت شرما اور اجنکیا راہانے نے 124 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کر کے جیت کی بنیاد رکھی، اس کے بعد روہت شرما نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور پانچ چھکوں کی مدد سے 125 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف با آسانی 43 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز میں 4-1 سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی نمبر ایک کا اعزاز بھی دوبارہ حاصل کر لیا جو گزشتہ میچ میں شکست کے بعد چھن گیا تھا۔روہت شرما میچ اور ہردک پانڈیا سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔۔

متعلقہ عنوان :