گورنر مکہ شہزادہ خالدالفیصل نے کعبہ کو غسل دیا

پیر 2 اکتوبر 2017 17:28

گورنر مکہ شہزادہ خالدالفیصل نے کعبہ کو غسل دیا
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2017ء) مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی نیابت کرتے ہوئے گزشتہ روزکعبہ مشرفہ کو غسل دیا - اس موقع پر مسجد الحرام کی انتظامیہ کے صدر امام کعبہ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس‘نائب صدر شیخ محمد بن ناصر الحزیم ‘ شاہی خاندان کے افراد‘ اعلی حکام ‘ علما‘ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی سفارتی نمائندے اور معزز شخصیات نے تقریب میں شرکت کا شرف حاصل کیا -کعبہ کو ہر سال ایام حج ختم ہونے اور پر حاجیوں کی اپنے اپنے ملکوں کو روانگی مکمل ہونے کے بعد نئے ہجری سال کے آغاز پر یکم محرم کو غسل کعبہ کی تقریب منعقد کی جاتی ہے جبکہ غلاف کعبہ ہر سال 9ذوالحجہ کو یوم عرفہ کے موقع پر تبدیل کیا جاتا ہے - کعبہ کو غسل دینے سے پہلے اور بعد تمام شرکاء نے کعبہ کا طواف کیا - کعبہ کو غسل دینے کے لئے عرق گلاب اورآب زمزم استعمال کیا جاتا ہے اور یہ کام تقریبا دو گھنٹے میں مکمل ہوتا ہے -دوران غسل کعبہ کا ماربل سے بنا ہوا فرش اور نصف بلندی تک اندرونی دیواروں کو عرق گلاب ، عود اور دیگر خوشبووں میں بھگوئے سفید کپڑے سے صاف کیا گیا جبکہ فرش پر آب زم زم اور عرق گلاب بہا کر کھجور کے پتوں اور خالی ہتھیلوں سے اسے صاف کیا گیا ۔

(جاری ہے)

غسل کعبہ کے بعد شرکاء نے اس کے اندرونی حصے میں نوافل ادا کئے اور بعد ازاں کعبہ کا طواف کیا اور مقام ابراہیم پر نوافل ادا کئے ۔ کعبہ کی کلید کی حفاظت الشیبی خاندان کے سپرد ہے جو قبل از اسلام کے زمانے سے اس خاندان کے پاس چلی آرہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :