پارلیمنٹ ہائوس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کا شیخ رشید اور جمشید دستی کا گھیرائو ، شدید نعرے بازی

پیر 2 اکتوبر 2017 22:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 اکتوبر2017ء) پارلیمنٹ ہائوس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے شیخ رشید اور جمشید دستی کو گھیر لیا اور شدید نعرے بازی شروع کردی ، کارکنوں نے نعروں کی گونج میں شیخ رشید کو گاڑی تک پہنچایا جبکہ جمشید دستی کی (ن) لیگی کارکنوں سے تلخ کلامی بھی ہوئی ۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر(ن) لیگ کے کارکنوں نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی کو گھیر لیا اور نعرے بازی شروع کردی ، کارکنوں نے وزیراعظم نوازشریف دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا اور ایک واری فیر شیر کے نعرے لگائے ۔

کارکنوں نے نعروں کی گونج میں شیخ رشید کو گاڑی تک پہنچایا جبکہ اس موقع پر جمشید دستی کی (ن) لیگی کارکنوں کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی ۔ اس موقع پر وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے لیگی کارکنوں کو خاموش کرایا ۔