حکومت کی توجہ ایک جھوٹے شخص کو ریسکیو کرنے پر مرکوز ہے ،ڈاکٹر طاہر القادری

نا اہل کو پارٹی صدر بنا کر پاکستان کے اسلامی تشخص کو داغدار اور عوام کو جمہوریت سے متنفر کیا جا رہا ہے،ایک جھوٹا شخص 21کروڑ عوام کی تقدیر کے سیاہ و سفید کا مالک نہیں ہو سکتا،پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کی پارٹی رہنمائو ں سے گفتگو

پیر 2 اکتوبر 2017 23:02

حکومت کی توجہ ایک جھوٹے شخص کو ریسکیو کرنے پر مرکوز ہے ،ڈاکٹر طاہر القادری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 اکتوبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دنیا دہشتگردی کی جنگ میں73ہزار سے زائد جانی قربانیاں دینے والے پاکستان پر دہشتگردوں کی پشت پناہی کا انتہائی خطرناک الزام لگا رہی ہے اورحکومت کی توجہ ایک جھوٹے شخص کو ریسکیو کرنے پر مرکوز ہے ،نا اہل کو پارٹی صدر بنانے کیلئے قانون سازی کر کے پاکستان کے اسلامی ،جمہوری تشخص کا چہرہ داغدار اور ایماندار محب وطن پاکستانیوں کو پارلیمانی جمہوریت سے متنفر کیا جا رہا ہے ۔

ایک خائن کیلئے پارلیمنٹ کے فلور کو استعمال کر کے آئندہ نسلوں کو کیا اخلاقی پیغام دیا جا رہا ہے ۔ایک جھوٹا شخص 21کروڑ عوام کی تقدیر کے سیاہ و سفید کا مالک نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے نوجوانوں،پڑھے لکھے طبقات کو چپ کا روزہ توڑ دینا چاہیے اورپاکستان کو جھوٹوں اور لٹیروں کے چنگل سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران اور سنیئر رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اشرافیہ کی کرپشن اور دھوکہ بازی کھلی کتاب کی طرح ہے اب اس پر سپریم کورٹ کی مہر بھی لگ چکی مگر ایک سازش اور مکاری کے تحت اداروں کو اداروں کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے اور وزراء پاکستان کا مقدمہ لڑنے کی بجائے دشمنوں کے بیانیے کو تقویت دے رہے ہیں۔پاکستان اپنی تاریخ کے انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے المیہ یہ ہے کہ اس موقع پر باگ ڈور جھوٹوں اور کرپٹ ٹولے کے ہاتھ میں ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام تماشائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے محب وطن پاکستانی کا کردار ادا کریں۔اشرافیہ اور پاکستان کے دشمن یک زبان ہو کر انصاف اور سلامتی کے اداروں کو ٹارگٹ کر رہے ہیں ،یہ سب کچھ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت مخصوص مفادات کے حصول کیلئے ہو رہا ہے ۔کرپٹ اشرافیہ کو جتنا وقت اور سپیس ملے گی پاکستان کا اتنا زیادہ نقصان ہو گا ۔

اب وقت آ گیا ہے کہ یہ بات طے کر لی جائے کہ کسی لٹیرے،قاتل اور جھوٹے کو اقتدار کے ایوانوں میں برداشت نہیں کیا جائیگا۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے پٹرول،ڈیزل کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مہنگائی کی حالیہ مصنوعی لہر کا تعلق نا اہلی کے فیصلے سے ہے،پیاز ،ٹماٹر،بجلی مہنگی کرنے کے بعد عوام پر پٹرول بم گرایا گیا اس سے تاجر،کسان،گھریلو صارفین بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اذیت پسند حکمران یزید کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔