فلسطینی وزیر اعظم غزہ پہنچ گئے،

اتھارٹی کا انتظام سنبھال لیا حمداللہ وزراء کے ساتھ مغربی اردن سے غزہ پہنچے ،پرتپاک استقبال، حماس رہنما سے ملاقاتیں

منگل 3 اکتوبر 2017 11:57

مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2017ء) فلسطینی وزیر اعظم رامی حمداللہ نے غزہ کے دورے کے دوران کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی غزہ پٹی کا انتظام سنبھال لے گی۔ گزشتہ دو برسوں میں ان کا یہ پہلا دورہ غزہ ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی اتھارٹی نے کہاکہ فلسطینی وزیر اعظم رامی حمد اللہ غزہ میں حماس کی قیادت سے ملیں گے، گزشتہ دس برسوں سے حماس غزہ پٹی کا کنٹرول سنبھالے ہوئے ہے اور اس دوران حماس اور فلسطینی اتھارٹی کی حکمران سیاسی پارٹی فتح میں کافی کشیدگی بھی دیکھی گئی تاہم اب حماس اس علاقے کو فلسطینی اتھارٹی کے کنٹرول میں دینے کا تیار ہو چکی ہے۔

حمد اللہ ان دونوں فلسطینی علاقوں کے دوبارہ اتحاد کے سلسلے میں غزہ کا دورہ کر رہے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق حمداللہ اپنے درجن بھر وزراء کے ساتھ مغربی اردن سے جب غزہ پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔حمداللہ اس دورے کے دوران حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور غزہ کے سربراہ یحییٰ السنوار سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔وہ غزہ کی کابینہ سے بھی ملیں گے۔ اسی دوران غزہ پٹی کا انتظام باقاعدہ طور پر فلسطینی حکومت کے حوالے کرنے کے سلسلے میں باقاعدہ ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :