سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے خاندان کا آپس میں کیا گیا فراڈ منظر عام پر آگیا

سلمان تاثیر کی بیٹی سارہ تاثیر نے اپنے سوتیلے بھائی شہریار تاثیر اور سوتیلی والدہ آمنہ تاثیر پر الزامات عائد کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 3 اکتوبر 2017 13:53

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے خاندان کا آپس میں کیا گیا فراڈ منظر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 اکتوبر 2017ء) : سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے خاندان کا آپس میں کیا گیا فراڈ منظر عام پر آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق سلمان تاثیر کی بیٹی سارہ تاثیر نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اس فراڈ سے متعلق آگاہ کیا اور ایک صارف کو اس بات کی تصدیق بھی کی کہ یہ سب سچ ہے۔
سارہ تاثیر نے بتایا کہ میرے سوتیلے بھائی شہریار تاثیر نے مجھ سمیت میری بہنوں کے جعلی دستخط کر کے ڈیلی ٹائمز کے مالکان حقوق اور ڈکلیریشن اپنے نام کر لی اور ہماری ساری جائیداد بھی ہڑپ لی۔

۔سارہ تاثیر نے جعل سازی کرنے پر اپنے بھائی شہریار تاثیر کے خلاف درخواست دائر کی۔ درخواست میں سارہ نے مؤقف اختیار کیا کہ میرے والد صاحب کی مختلف علاقوں میں جائیدادیں تھیں جبکہ ڈیلی ٹائمز کا پرنٹنگ پریس اور مالکان حقوق کا ڈیکلریشن بھی انہی کے نام تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ میرے سوتیلے بھائی شہریار تاثیر اور سوتیلی والدہ آمنہ تاثیر نے کچھ افراد کے ساتھ ملی بھگت سے کاغذات پر میرے اورمیری بہنوں کے جعلی دستخط کیے اور ان سے کچھ بوگس دستاویزات تیار کیں۔

بعد ازاں انہیں دستاویزات کو متعلقہ حکومتی اداروں میں جمع کروا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جعل سازی سے بنوائی گئیں ان جعلی دستاویزات کو سیف اللہ خان اوتھ کمشنر لاہور نے ہماری غیر موجودگی میں تصدیق بھی کیا۔ ان جعلی دستاویزات کے ذریعے شہریار تاثیر اور آمنہ تاثیر نے ڈیلی ٹائمز کا ڈیکلریشن اور مالکانہ حقوق اپنے نام منتقل کر لیے ہیں۔

سارہ کا کہنا تھا کہ ہمیں جب اس بات کا علم ہوا تو ہم نے ایک درخواست کمشنر کراچی کو جمع کروائی اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔ سارہ تاثیر نے ایف آئی آر میں حکومتی اداروں سے اپیل کی ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا علم نہیں تھا کہ میرے والد کی وفات کے  دن بعد ہی میرا اپنا بھائی میرے جعلی دستخط کر کے تمام جائیداد اپنے نام کروالے گا۔