سپرہائی وے اور سائٹ سپرہائی وے میں سڑکوں کی تعمیرومرمت کا کام مکمل ہوگیا ہے،منظور وسان

پیپلزپارٹی کی حکومت نے ایک سال میں صنعتی ایریاز میں سڑکیں اور انفرااسٹرکچر کام کروایا ہے،صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی وفد سے بات چیت

منگل 3 اکتوبر 2017 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ سپرہائی وے اور سائٹ سپرہائی وے میں سڑکوں کی تعمیرومرمت کا کام مکمل ہوگیا ہے،جس کا افتتاح 5 اکتوبر کو کرونگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں نیشنل فورم فار انوائرمینٹ ائنڈ ہیلتھ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا،وفد کی قیادت نعیم قریشی، ندیم اشرف اور جوہن رچرڈ نے کی۔

منظور حسین وسان نے کہا کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ سندھ کے صنعتکار ترقی کریں اور ان کا ساتھ دیا جائے،ہم چاہتے ہیں کہ انڈسٹری کے سب لوگوں کو ساتھ لیکر چلیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ایک سال میں صنعتی ایریاز میں سڑکیں اور انفرااسٹرکچر کام کروایا ہے، صنعتکاروں کے تعاون کے بغیر کام نہیں چل سکتا، سب قربانی دیں گے تو ملک ترقی کرے گا، صنعتی زونز میں پانی کی قلت جلد ختم ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے چار بڑے صنعتی زونز میں بے تحاشہ ترقیاتی اور انفرااسٹرکچر کا کام کروایا ہے،لاڑکانہ میں اسپیشل اکنامک زون میں کام شروع کیا ہے،جو کام جلد مکمل ہوجائے گا،لاڑکانہ اکنامک زون میں وہاں کے مکینوں کو نوکریاں دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ 300 ملین خیرپور اکنامک زون کے لیے رکھے تھے، جس کا کام مکمل ہوگیا ہے،حکومت نے قائد آباد سے اسٹیل مل تک سڑک بنوائی ہے، شاہراہ فیصل انڈر پاس بنوایا ہے،صنعتکاروں کو آگے لارہے ہیں، کیوں کہ ملک کو ترقی دلانے میں ان کا بڑا کردار ہے۔

منظور حسین وسان نے کہا کہ خیرپور سندھ کا کاٹن کے لحاظ سے سب سے بڑا کاروباری شہر ہے اور ٹیکسٹائل ملز کو کاٹن بھی یہیں سے جاتی ہے۔ اس موقع پر وفود نے کہا کہ محکمہ صنعت اور نیشنل فورم فار انوائرمینٹ ائنڈ ہیلتھ ملکر صنعتکاروں کے لیے بڑی لیول پر کام کرے۔ ندیم اشرف نے کہا کہ کراچی کی تمام انڈسٹریوں کو ہمارے پاس بھجوائیں تاکہ ان کے ساتھ ملکر کام کریں۔

متعلقہ عنوان :