چوروں نے علی بابا کو پارٹی صدارت دیکر آئین سے غداری کی،خرم نواز گنڈا پور

پاکستان،دیانت،صداقت،امانت،شرافت کے بول بالا کیلئے حاصل کیا گیاتھا ،جنرل سیکرٹری عوامی تحریک

منگل 3 اکتوبر 2017 20:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 اکتوبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ چوروں نے علی بابا کو پارٹی صدارت دیکر آئین سے غداری کی۔پاکستان،دیانت،صداقت،امانت،شرافت کے بول بالا کیلئے حاصل کیا گیا نا اہل وزیر اعظم اور انکے نالائق حواری آئین پاکستان اور ملکی قانون کھلم کھلا توہین کر رہے ہیں۔

ملک کو نقصان پہنچانے اورعوام کو گمراہ کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں،قومی اداروں سے تصادم کی تیاریاں کر لی گئی ہیں ،پارلیمنٹ کو اس گھنائونے عمل میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ایک نا اہل ،کرپٹ ،چور اور قاتل خاندان کو تحفظ دینے کیلئے 20کروڑ عوام کی تقدیر سے کھیلا جا رہا ہے ۔نا اہل شخص کی ضد پر پورے ملک کے آئین اور قانون کے علاوہ عدالت عظمیٰ کے ساتھ بھی اعلان جنگ کیا جا چکا ہے،35 سال سے ملک کو لوٹنے اور اقتدار میں رہنے والا شخص آج پارٹی سربراہی بھی چھوڑنے پر تیار نہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے اپنی سیاسی جماعت کو ذاتی جاگیر بنا لیا ہے ۔وہ منگل کو مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ،اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی،ساجد بھٹی،فیاض وڑائچ،بشارت جسپال،ریحان مقبول و دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ کڑا اور بے رحم احتساب جمہوریت کی اصل روح ہوتا ہے۔

احتساب کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے،آئین کو کچلنے والے عناصرکے خلاف عدالت عظمیٰ کو فوری اور بھر پور کارروائی کرنا ہو گی۔شریف برادران نے اداروں اور بیورو کریسی کو اپنے ذاتی ماتحت بنا کر اپنی وفا دار بریگیڈ تیار کر رکھی ہے جسے ختم کرنا سب سے اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی سب سے بڑی عدالت نے واضح کہہ دیا ہے کہ ن لیگ کے سربراہ نا اہل ہیں اس کے باوجود نا اہل وزیر اعظم اور انکے ذاتی ملازموں نے آئین و قانون کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

نواز شریف کو دوبارہ صدر بنانا توہین عدالت،اداروں سے اعلان جنگ اور یہ پیغام ہے کہ نا اہل ہونے کے باوجود خاندانی اجارہ داری ہر صور ت برقرار رکھی جائیگی ،آج ن لیگ ٹیکس نہ دینے والی خاندانی لمیٹڈ کمپنی بن چکی ہے جو کہ لیگ آف کرپٹ کی شکل اختیار کر چکی ہے ۔نا اہل وزیر اعظم اور انکے نالائق سمدھی نے اقتصادی اور صنعتی طور پر ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے مگر خاندانی کاروبار کو ترقی دے کر پوری دنیا میں پھیلا دیا ہے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ قاتلوں اور کرپٹ افراد کی جائیدادیں ضبط کر کے ان جائیدادوں سے قومی قرضوں سے نجات حاصل کی جائے ۔قاتل اور کرپٹ خاندانوں کو نشان عبرت بنا کر جیلوں میں ڈالا جائے ۔

متعلقہ عنوان :