وفاقی کابینہ نے جرمنی کیساتھ مالیاتی تعاون معاہدہ 2015ء ،ْحقوق ملکیت دانش کے میدان میں پاک چین تعاون کے حوالہ سے ایم او یو پر دستخط کی منظوری دیدی

سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی 10 فیصد کی سپروائزری قابل ادائیگی فیس سے استثنیٰ دینے کی بھی منظوری پاکستان اور قطر کے درمیان دوہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسز کے حوالہ سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلئے موجودہ معاہدہ میں ترمیم کی بھی منظوری دیدی گئی

منگل 3 اکتوبر 2017 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2017ء) وفاقی کابینہ نے سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی 10 فیصد کی سپروائزری قابل ادائیگی فیس سے استثنیٰ دینے کی منظوری دیدی ۔وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سیکرٹری پارلیمانی امور ڈویژن نے کابینہ کو وزارت کے امور کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کی 0.1 فیصد کی قابل ادائیگی فیس اور اضافی حصص کے اجراء پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی 10 فیصد کی سپروائزری قابل ادائیگی فیس سے استثنیٰ دینے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے لاہور اور ملتان میں انشورنس ٹربیونلز کے قیام کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

اجلاس نے ایئر مارشل احمر شہزاد کی پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس بورڈ کامرہ کے چیئرمین کی حیثیت سے تقرری کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے کسٹم اپیلٹ ٹربیونل بنچ II لاہور کے جوڈیشل ممبر (بی ایس 21) عمر ارشد حکیم کے کنٹریکٹ کے عرصہ میں توسیع کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے بینکنگ کورٹ I حیدرآباد کے جج کی تقرری کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے جرمنی کے ساتھ مالیاتی تعاون معاہدہ 2015ء پر دستخط کی منظوری دی۔

اجلاس میں حقوق ملکیت دانش کے میدان میں پاک۔چین تعاون کے حوالہ سے ایم او یو پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے انسداد بدعنوانی اداروں اور محتسب کے ای سی او علاقائی مرکز برائے تعاون کی دستاویز کی بھی توثیق کی۔ کابینہ نے روس اور پاکستان کے درمیان جامشورو میں 600 میگاواٹ کے قدرتی گیس کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ کی تعمیر کیلئے تعاون کے بارے میں معاہدہ پر بات چیت کے آغاز کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے پاکستان اور کوریا کے درمیان دوہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسز کے حوالہ سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلئے موجودہ معاہدہ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسز کے حوالہ سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلئے موجودہ معاہدہ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسز کے حوالہ سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلئے موجودہ معاہدہ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔