کراچی، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور بحریہ ٹائون کی جانب سے پہلے مرحلے میں ضلع وسطی سے ’کلین کراچی مہم‘ کا آغاز کردیا گیا

وزیر اعلیٰ سندھ واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا سختی سے نوٹس لیں اگر ایک ہی بار کچرے کا ڈسپوزل ٹھیک کرلیا جائے تو نالوں کی صفائی پر اتنا بجٹ نہیں لگے گا،میئرکراچی وسیم اختر

منگل 3 اکتوبر 2017 20:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2017ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی اور بحریہ ٹائون کی جانب سے پہلے مرحلے میں ضلع وسطی سے ’’کلین کراچی مہم‘‘ کا آغاز کردیا گیا، دونوں ادارے شہر کو صاف کرنے اور کچرا اٹھانے کیلئے پر عزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح میئر کراچی وسیم اختر نے ضلعی میونسپل کارپوریشن وسطی کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر ڈمپر چلا کر کلین کراچی مہم کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کیا، اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی کنور نوید جمیل، ممبران صوبائی اسمبلی جمال احمد، عظیم فاروقی، محفوظ یار خان، وسیم قریشی، ڈی ایم سی وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی،وائس چیئرمین سید شاکر علی اور دیگر بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے شہر قائد کی بروقت اور بہترین امداد پر بحریہ ٹائون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی کو گزشتہ آٹھ سالوں میں مسلسل نظر انداز کیا گیا ہے پورے کراچی میں تجاوزات کی بھرمار ہے جبکہ سمندر میں جانے والے سیوریج کے نالے پر تعمیرات ہوچکی ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ واٹر بورڈ کے افسران کو بلا کر باز پرس کریں اور ہم سے بھی مشاورت کی جائے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا سختی سے نوٹس لیں اگر ایک ہی بار کچرے کا ڈسپوزل ٹھیک کرلیا جائے تو نالوں کی صفائی پر اتنا بجٹ نہیں لگے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے حکومت سندھ کے ماتحت ہیں، بلدیہ کامیاب ہوگی تو سندھ حکومت کامیاب ہوگی ان وسائل کے ساتھ ہم مثالی کام نہیں کرسکتے یہ ہم سب کا شہر ہے، چاہے ہم کسی مذہب یا سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں، اس شہر نے بہت صفرکیا ہے، میں بحریہ ٹائون کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں اور درخواست کرتاہوں کہ وہ شہر کی بہتری کے لئے ہمارے ہاتھ بٹائیں، بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں، انہوں نے کہا کہ کراچی ہم سب کا شہر ہے ہمیں اسے بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کرنے ہونگے اگر بلدیہ کامیاب ہوگی تو سندھ حکومت کامیاب ہوگی ہم اکیلے موجودہ وسائل کے ساتھ کام نہیں کرسکتے، انہوں نے کہا کہ ملک ریاض نے کراچی سے کچرا اٹھانے کیلئے رضا کارانہ طور پر اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اس حوالے سے اگست کے مہینے میں باقاعدہ مفاہمی یادداشت پر دستخط بھی ہوچکے ہیں جس طرح ہم کراچی کو صاف کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں اسی طرح بحریہ ٹائون بھی یہ چاہتا ہے کہ کراچی صاف ہو اور یہاں سے کچرے کو اٹھایا جائے، انہوںنے کہا کہ صفائی کا یہ کام زیادہ تر رات کے اوقات میں ہوگا جبکہ ضلع وسطی کے علاوہ شہر کے دیگر اضلاع میں بھی صفائی کے کام شروع کئے جائیں گے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم ان تمام اداروں اور افراد کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے جو کراچی شہر کی بہتری، اس کی ترقی اور اسے خوبصورت بنانے کیلئے کچھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں انہو ںنے کہا کہ یہ وہ شہر ہے جہاں ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگ آکر اپنی روزی کماتے ہیں اور یہ شہر پورے ملک کو سب سے زیادہ ریونیو فراہم کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ حقیقت کو جان کر بھی اس شہر کی بہتری کیلئے اسے اتنے وسائل فراہم نہیں کئے جاتے جو اس شہر کی ضرورت ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی کو اگر اس کا حق بھر پور طریقے سے دے دیا جائے تو یہ شہر اپنی مثال آپ ہوسکتا ہے ہماری پوری ٹیم کراچی کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے کوشاں ہے ہم نے بار ہا اس بات کا اظہار کیا ہے کہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ جس سے ہم اس شہر کو مسائل سے مکمل طور پر نجات دلا دیں مگر ہاں ہمارے پاس جذبہ بہت ہے، بحریہ ٹائون کے سی او او ایڈمرل احمد حیات نے کہا کہ کلین کراچی مہم ایک بہتر پاکستان کی تعمیر کیلئے بحریہ ٹائون کی پالیسی کا اہم جز بھی ہے اور بحریہ ٹائون کے عزم کا اظہار بھی، انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی سے شروع کی گئی کلین کراچی مہم کے تحت بحریہ ٹائون مرحلہ وار پورے شہر کو بلامعاوضہ صاف کرے گا، اس پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد چار مراحل میں پورے شہر قائد کو صاف کرکے بحریہ ٹائون ایک مثال قائم کرنا چاہتا ہے انہو ںنے کہا کہ ہزاروں اہلکاروں کے ساتھ ضروری بھاری مشینری اس مہم کے لئے مختص کردی گئی ہے جبکہ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض نے کراچی کی ترقی کے لئے 10 ارب روپے کی رقم بھی مختص کی ہے، ضلعی میونسپل کارپوریشن وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ 17 ڈمپنگ پوائنٹ تھے جن کا تعین کیا گیا تھا، انہوںنے کہا کہ بحریہ ٹائون تقریباً 100 گاڑیوں سے کچرا اٹھا کر جام چاکرو پر ڈمپ کرے گا۔

(جاری ہے)

بحریہ ٹائون کی جانب سے اس صفائی مہم کے لئے کمانڈر ذوالفقار کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جو وعدہ کیا تھا اسے ہر صورت میں پورا کیا جائے گا، جہاں جہاں میئر کراچی نشاندہی کریں گے صفائی مہم چلائیں گے۔

متعلقہ عنوان :