بھارت پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور عزم کے بارے میں غلط فہمی میں نہ رہے،ملیحہ لودھی

بھارتی سرجیکل سٹرائیک کی صورت میں پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا جائے گا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر بھارت کو استثنیٰ نہیں دے سکتی، جنرل اسمبلی سے خطاب

منگل 3 اکتوبر 2017 22:59

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2017ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور عزم کے بارے میں غلط فہمی میں نہ رہے۔بھارتی سرجیکل سٹرائیک کی صورت میں پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر بھارت کو استثنیٰ نہیں دے سکتی۔

منگل کے روز اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر بھارت کی جانب سے کسی بھی سرجیکل سٹرائیک کا موثر جواب دیا جائے گا۔ بھارت پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور عزم کے بارے میں غلط فہمی میں نہ رہے ۔ انہوں نے کہا عالمی برادری بھارت کی تواتر سے دی جانے والی دھمکیوں کا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

بھارت مقبوضہ وادی کشمیر میں اپنے جرائم چھپانے کے لئے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے۔ بھارتی فوج نے ایل او سی کے پار نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کے جھوٹے دعوے کئے بھارت کے جھوٹے دعوے اور دھمکیاں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ بھارتی حکمران جھوٹے دعووں سے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کو بڑھا رہے ہیں۔ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا 70سالہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

بھارت مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشتگردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر بھارت کو استثنیٰ نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا۔ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہے۔ ۔