ضلع اٹک کے اخلاص بلاک میں تیل و گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت، پیداوار دو ہفتوں میں شروع ہو جائے گی

تیل کی یومیہ پیداوار 1630 سے 2520 بیرل اور گیس کی پیداوار 16.5 سے 21 ملین کیوبک فٹ کے درمیان پائی گئی ہے، گیس کے ہر ملین کیوبک فٹ سے تقریباً 2.5 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل ہوگی

بدھ 4 اکتوبر 2017 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2017ء) پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) نے ضلع اٹک کے اخلاص بلاک میں تیل اور گیس کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت کیا ہے جس کی پیداوار دو ہفتوں میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ یہ پچھلے پانچ برسوں میں پنجاب میں تیل اور گیس کی ایک بہت بڑی دریافت ہے۔ بدھ کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق پی او ایل کی یہ دریافت اسلام آباد سے تقریباً 83 کلو میٹر جنوب مغرب میں شمالی پوٹھوہار ضلع اٹک میں جنڈیال کنوئیں سے ہوئی ہے۔

اس میں پی او ایل 80 فیصد اور اٹک آئل کمپنی 20 فیصد حصہ کی مالک ہے۔ مشکل مگر اچھے علاقے میں واقع اس بلاک کے ارد گرد بہت سی آئل فیلڈز موجود ہیں۔ انتہائی گہرے دریافتی جنڈیال 1- کنویں کی ٹیسٹنگ کے دوران کافی مقدار میں تیل اور گیس دریافت ہوئی، کنوئیں کے بہائو اور چوک سائز کے لحاظ سے تیل کی یومیہ پیداوار 1630 سے 2520 بیرل اور گیس کی پیداوار 16.5 سے 21 ملین کیوبک فٹ کے درمیان پائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تیل کی اے پی آئی گریویٹی تقریباً 40 ڈگری اور گیس کی بی ٹی یو / ایس سی ایف 1161 ہے۔ اس گیس میں 86 فیصد میتھین، 7.2 فیصد ایتھین اور 2.9 فیصد پروپین ہے اور اس کے ہر ملین کیوبک فٹ گیس سے تقریباً 2.5 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل ہوگی۔ اس کنوئیں کی پیداوار تقریباً دو ہفتوں میں شروع ہو جائے گی۔ ڈھرنال فیلڈز کے شمال میں واقع منڈیال کے ذخیرہ کا رقبہ تقریباً 15 مربع کلو میٹر ہے۔ ابتدائی تخمینہ کے مطابق یہ دریافت تقریباً 292 بلین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور تقریباً 23 ملین بیرلز تیل کا ذخیرہ لئے ہوئے ہے۔ جنڈیال کی دریافت نہ صرف ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ مستقبل میں ارد گرد کے علاقوں کے لئے بھی اس ضمن میں سہولت کا باعث ہوگی۔

متعلقہ عنوان :