پنجاب حکومت تمام تر وسائل اساتذہ کے قدموں میں نچھاور کرنے کے عزم پر عمل پیرا ہے، رانا مشہود احمد

بدھ 4 اکتوبر 2017 21:37

لاہور۔4 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں استاد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،ہمارے معاشرے میں استاد کوروحانی باپ کا درجہ حاصل ہے،مہذب معاشروں میں اساتذہ کو بہترین سہولیات فراہم کی جاتی ہیں،اسی طرح پنجاب حکومت تمام تر وسائل اساتذہ کے قدموں میں نچھاور کرنے کے عزم پر عمل پیرا ہے۔

اس سلسلے میں 2010ء سے اب تک اساتذہ کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔پرائمری سکول کے اساتذہ کی بنیادی پے سکیل 09سے 14تک اپ گریڈیشن کی گئی جبکہ بنیادی پے سکیل 15کے اساتذہ کی گریڈ16میں اپ گریڈیشن عمل میں لائی گئی ۔اساتذہ کی حاضری 96%پر لائی گئی ہے۔ ایلیمنٹری سکول کے اساتذہ کی بنیادی پے سکیل 14 سے 15پر اپ گریڈیشن کی گئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح سیکنڈری سکول کے بنیادی پے سکیل16 کے اساتذہ کی تنخواہوں میں دو ترقیوں کا اضافہ کیا گیا۔

جبکہ اساتذہ کی تربیت کے لئے مختلف کورسز کا اجراء بھی کیا گیا ہے تا کہ قوم کے معماروں کو کوالٹی ایجوکیشن دی جا سکے۔یہ بات صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے ورلڈ ٹیچرز ڈے کے موقع پر اپنے جاری بیان میں کہی۔صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ آج کے دن کا مقصد اساتذہ کی عظمت کو سلام پیش کرنا اور استاد کے حقوق سے آگاہی کو عام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ طالب علموں کی کردارسازی میں والدین اوراستاد کو برابر کا درجہ حاصل ہے۔ اساتذہ کی عزت و تکریم کی بدولت ہی طالب علم معاشرے میں عزت و شہرت کی بلندی تک پہنچ سکتا ہے۔