قومی معاملات حل کرنے کے لئے پارلیمینٹ ہی مناسب فورم ہے،نواز شریف

کسی صورت اداروں میں ٹکرائو نہیں چاہتے ، انہوں نے ہمیشہ ملک اور اداروں کی مضبوطی اور بہتری کے لئے کردار ادا کیا،وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 4 اکتوبر 2017 23:17

قومی معاملات حل کرنے کے لئے پارلیمینٹ ہی مناسب فورم ہے،نواز شریف
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2017ء) وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ قومی معاملات حل کرنے کے لئے پارلیمینٹ ہی مناسب فورم ہے، ملک کے تمام آئینی و قانونی ادارے اسی فورم کے ماتحت اپنی اپنی ذمہ دایریاں سر انجام دے رہے ہیں،بدھ کے روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کسی صورت اداروں میں ٹکرائو نہیں چاہتے ، انہوں نے ہمیشہ ملک اور اداروں کی مضبوطی اور ان کی بہتری کے لئے کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اپنے پسند کا چیئرمین مقرر ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ انہوں نے اپنے صوبے کے پی کے میں نیب کے ادارے کو کام کرنے سے روک دیا ہے ، انہوں نے کہا کے پی ٹی آئی کے سربراہ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ڈیل کرنے کے الزامات لگا رہے ہیں جبکہ خود انہوں نے ایم کیو ایم سے ڈیل کی ہوئی ہے جس پر کبھی وہ شدید نوعیت کے الزامات لگاتے رہے ہیں۔