پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر اور رائل فضائیہ کی ریڈ ایرو ٹیم کا سی ویو پر شاندار فضائی مظاہرہ

لله

جمعرات 5 اکتوبر 2017 23:09

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2017ء) پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر پاک فضائیہ نے سی ویوو کراچی پر ایک مسحور کن فضائی مظاہرے کے انعقاد کیا، جہاں پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ فخر پاکستان جے ایف17تھنڈر کے ساتھ رائل فضائیہ کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ایروبیٹکس ٹیم ریڈ ایرو نے ایک دلچسپ فضائی مظاہرہ پیش کیا۔

گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، برٹش ہائی کمشنر، کور کمانڈر کراچی کے علاوہ سیاسی رہنما، پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے یہ شاندار فضائی مظاہرہ دیکھا۔ ائیر وائس مارشل حسیب پراچہ، ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ نے ان تمام معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شو کا آغاز پاکستان میں تیار کردہ جے ایف17 تھنڈر کے قابل دید فضائی مظاہرے سے ہوا جس کو ونگ کمانڈر یاسر مدثر اڑا رہے تھے۔

(جاری ہے)

جے ایف17 تھنڈر کے منظر سے اوجھل ہوتے ہی رائل فضائیہ کی مشہور زمانہ ایروبیٹکس ٹیم ریڈ ایرو افق پر نمودار ہوئی۔ سرخ رنگ کے ہاکس طیاروں میں سوار 9 ارکان پر مشتمل ٹیم کی قیادت سکواڈرن لیڈر ڈیوڈ مونٹینگرو کر رہے تھے، انہوں نے وہاں موجود حاضرین کو اپنے فضائی کرتبوں سے مبہوت کر دیا۔ قبل ازیں ریڈ ایرو ٹیم کے ارکان نے پاک فضائیہ کے پائلٹس اور اسکول و کالجز کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔

پاک فضائیہ 1947ء میں تقسیم برصغیر سے رائل فضائیہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتی ہے۔ دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے دونوں طرف سے اعلیٰ سطحی وفود اکثر و بیشتر دورے کرتے رہتے ہیں۔ اس سال کے آغاز میں رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر سٹیفن جان ہیلیئرپی ایف اکیڈمی اصغر خان میں منعقدہ گریجویشن پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی پاکستان کے دورے پر آئے، اس دورے کے دوران انہوں نے پاک فضائیہ کے شہرہ آفاق نمبر 9 سکواڈرن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے F-16 طیارے میں بیٹھ کر ایک فضائی تربیتی مشن میں حصہ لیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی رائل فضائیہ کی خصوصی دعوت پر برطانیہ کا دورہ کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :