دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی اندرونی کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے کے لئے ’’را‘‘ سمیت 4 غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنساں پاکستان میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہی ہیں،

وزارت خارجہ کو آگاہ کر دیا ہے، بھارت نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر 2017 میں سیز فائر کی ریکارڈ خلاف ورزیاں کی ہیں، پاک فوج نے بروقت جواب دیتے ہوئے بھارتی فوجیوں کی چوکیوں کو نشانہ بنایا، بھارت کی ایک گولی یا مارٹر گولے کے جواب میں پانچ گولیاں اور مارٹر گولوںکا جواب دیں گے، بھارت نے جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دینے کی قابلیت اور حق رکھتے ہیں‘ محرم الحرام کے دوران کراچی میں دہشت گردی کی کارروائی کو ناکام بنا کر دو خودکش جیکٹیں اور نیٹ ورک کو پکڑ لیا ہے‘ آرمی چیف کا دورہ افغانستان کامیاب رہا ‘ آرمی چیف نے افغانستان کے ساتھ سرحد پر باڑ نصب کرنے ‘قلعے اور پوسٹیں بنانے کی پیشکیش کی ہے ‘مغربی سرحد کو دو سالوں میں مکمل محفوظ بنا دیا جائے گا ‘ پوری قوم دشمن قوتوں کے بیانیے سے آگاہ ہے اور اسے یکسر مسترد کر رہی ہے‘ ملک کے اندر یا باہر بیٹھ کر فوج پر تنقید کرنے والوں پر پاک فوج کی نظر ہے‘ آرمی چیف کے پاس کلبھوشن یادیو کی رحم کی اپیل حتمی فیصلے کے قریب پہنچ چکی ہے‘ پاک فوج آئین اور قانون کے مطابق کام کررہی ہے‘ فرد ادارے سے اور ادارہ ملک سے بالاتر نہیں ہوتے، رینجرز اسلام آباد پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ ملکر سکیورٹی خدمات دیتی ہے‘ سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت میں پہلی پیشی کے موقع پر بدنظمی اور امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے دوسری پیشی پر رینجرز کو لگایا گیا‘ سماعت کے حوالے سے وزراء کے پاسز جاری ہوئے تھے‘ اگر کسی سپاہی تک اطلاعات نہیں پہنچی تو مس انڈرسٹینڈنگ مقامی سطح پر ہوئی ہے، یہ اداروں میں کسی صورت تصادم نہیں ہے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو بریفنگ

جمعرات 5 اکتوبر 2017 23:22

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی اندرونی کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے کے لئے ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2017ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی اندرونی کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے کے لئے ’’را‘‘ سمیت 4 غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنساں پاکستان میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہی ہیں، اس حوالے سے وزارت خارجہ کو آگاہ کر دیا ہے، بھارت نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر 2017 میں سیز فائر کی ریکارڈ خلاف ورزیاں کی ہیں، پاک فوج نے بروقت جواب دیتے ہوئے بھارتی فوجیوں کی چوکیوں کو نشانہ بنایا، بھارت کی ایک گولی یا مارٹر گولے کے جواب میں پانچ گولیاں اور مارٹر گولوںکا جواب دیں گے، بھارت نے جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دینے کی قابلیت اور حق رکھتے ہیں‘ محرم الحرام کے دوران کراچی میں دہشت گردی کی کارروائی کو ناکام بنا کر دو خودکش جیکٹیں اور نیٹ ورک کو پکڑ لیا ہے‘ آرمی چیف کا دورہ افغانستان کامیاب رہا ‘ آرمی چیف نے افغانستان کے ساتھ سرحد پر باڑ نصب کرنے ‘قلعے اور پوسٹیں بنانے کی پیشکیش کی ہے ‘مغربی سرحد کو دو سالوں میں مکمل محفوظ بنا دیا جائے گا ‘ پوری قوم دشمن قوتوں کے بیانیے سے آگاہ ہے اور اسے یکسر مسترد کر رہی ہے‘ ملک کے اندر یا باہر بیٹھ کر فوج پر تنقید کرنے والوں پر پاک فوج کی نظر ہے‘ آرمی چیف کے پاس کلبھوشن یادیو کی رحم کی اپیل حتمی فیصلے کے قریب پہنچ چکی ہے‘ پاک فوج آئین اور قانون کے مطابق کام کررہی ہے‘ فرد ادارے سے اور ادارہ ملک سے بالاتر نہیں ہوتے، رینجرز اسلام آباد پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ ملکر سکیورٹی خدمات دیتی ہے‘ سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت میں پہلی پیشی کے موقع پر بدنظمی اور امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے دوسری پیشی پر رینجرز کو لگایا گیا‘ سماعت کے حوالے سے وزراء کے پاسز جاری ہوئے تھے‘ اگر کسی سپاہی تک اطلاعات نہیں پہنچی تو مس انڈرسٹینڈنگ مقامی سطح پر ہوئی ہے، یہ اداروں میں کسی صورت تصادم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ کے کانفرنس روم میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو ملکی مجموعی سلامتی کی صورتحال ‘آرمی چیف کے دورہ افغانستان‘ آپریشن ردالسفاد اور دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دے رہے تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ چار دہائیوں سے بحثیت قوم متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور کامیابی کی بہت سی منازل طے کی ہیں‘ ہماری بھر پور کوششوں کی بدولت اس وقت پاکستان کے اندر دہشت گردوں کی کسی بھی قسم کی محفوظ پناہ گاہیں اورنیٹ ورک نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اندر اتحادی افواج کی موجودگی اور افغانستان کی مضبوط فوج ہونے کے باوجود بھی اس وقت افغانستان حکومت کی رٹ ملک کے 50 فیصد حصے پر بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی سرحد پر ابھی بہت توجہ کی ضرورت ہے‘ سرحد پار ٹی ٹی پی کی قیادت اور آئی ایس آئی ایس کی موجودگی ہمارے لئے خطرہ ہیں‘ اسی وجہ سے مغربی سرحد پر فوج کی یہ تعداد برقرار رکھی جارہی ہے‘ مغربی سرحد پر پوسٹیں قائم کرنے کا کام دو سالوں میں مکمل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا افغانستان کا پہلا دورہ کامیاب رہا ہے‘ آرمی چیف کی افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ڈیڑھ گھنٹہ ون ٹو ون اور وفود کی سطح پر ڈیڑھ گھنٹہ بات چیت ہوئی ہے‘ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کا نکتہ نظر دلائل اور شواہد کے ساتھ پیش کیا ہے‘ آرمی چیف کی ملاقاتوں کے بعد افغان حکام کی جانب سے کوئی منفی بیان جاری نہیں ہوا ‘ اب چیزیں مثبت سمت جارہیں ہیں ۔

آرمی چیف نے فوجی تعاون کے حوالے سے بہت سی تجاویز بھی دی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایران سرحد پر بھی اضافی سکیورٹی لگائی گئی ہے‘ مغربی سرحد پر پاکستان دونوں ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر میکنزم کے تحت مشترکہ دشمنوں اور غیر ریاستی عناصر کے عزائم ناکام بنائے گا‘ بہت جلد آرمی چیف ایران کا دورہ کریں گے اور سکیورٹی کے امور پر بات چیت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں میں بہت اضافہ ہوا ہے‘2017 میں بھارتی فوج کی فائرنگ سی24 شہری شہید اور 180زخمی ہوئے ہیں جس کا بھر پور جواب پاک فوج نے دیا ہے اور بھارتی فوجیوں کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں کئی بھارتی فوجی مارے گئے اور چیک پوسٹیں تباہ ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے دو لاکھ جوان مغربی سرحد اور ایک لاکھ مشرقی سرحد پر سکیورٹی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد جاری ہے اور خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشنز بھی جاری رہیں گے‘ راجگال ویلی میں آپریشن خیبر فور میں زمینی آپریشن مکمل کرنے کے بعد کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سکیورٹی ایجنیسیاں‘ پولیس‘ رینجرز اور انٹیلی جنس ایجنسیز نے انتھک محنت کے نتیجہ میں کئی سال کے بعد اس برس پاکستان بھر میں محرم الحرام پرامن رہا‘ محرم الحرام کے حوالے سے بہت سے خطرات تھے‘ بلوچستان میں بھی دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنایا گیا اور کراچی میں دو خودکش جیکٹس ڈیلور ہونے کی بھی مصدقہ اطلاعات ملیں جس پر کام کیا گیا اور خودکش جیکٹس اور نیٹ ورک کو پکڑ لیا گیا‘ پاک فوج کی 38 بٹالین نے ملک بھر کے 35 اضلاع میں18500 مجالس اور 7546 جلوسوں کو سکیورٹی فراہم کی‘ پاک فوج نے کراچی میں بوہرہ کمیونٹی کے اجتماع میں بھی مکمل سکیورٹی فراہم کی جہاں پر 12ہزار بھارتیوں سمیت 21 ہزار غیر ملکی موجود تھے۔

اسکے ساتھ ساتھ ورلڈ الیون میچ‘ میرنشاہ میں کرکٹ میچ کا بھی پرامن انعقاد کرایا گیا‘ میرنشاہ میں 25 ہزار قبائلیوں نے میچ دیکھا ہے۔ سپیشل کورکمانڈر کانفرنس کے اختتام پر اعلامیہ جاری نہ کرنے کے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کچھ معاملات میں خاموشی ہی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ انتخابی قوانین بل 2017 میں کاغذات نامزدگی میں حلف نامہ نکالنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی پرانی پوزیشن بحال کرنے کے حوالے سے ترمیم منظور کر لی گئی ہے‘ ختم نبوت اور ناموس رسالت ﷺ پر پاکستان کے ہرمسلمان کی طرح پاک فوج بھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتی اور نہ کبھی ایسا ہوسکتا ہے۔

ملی مسلم لیگ کے سیاست میں حصہ لینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ تو ریاست نے طے کرنا ہے کہ پاکستان کے سیاسی عمل میں کون کس طرح حصہ لے سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ رینجرز وزارت داخلہ کے ماتحت ہے‘ 2014 سے رینجرز کے تین ونگز جن میں 2000 جوان شامل ہیں اسلام آباد میں سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں‘ رینجرز اسلام آباد پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ ملکر سکیورٹی خدمات دیتی ہے‘ سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت میں پہلی پیشی کے موقع پر بدنظمی اور امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے دوسری پیشی پر رینجرز کو لگایا گیا‘ اس روز صبح سات بجے رینجرز ‘پولیس اور انتظامیہ کے افسران نے جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ بھی کیا‘ سماعت کے حوالے سے وزراء کے پاسز جاری ہوئے تھے‘ اگر کسی سپاہی تک اطلاعات نہیں پہنچی تو مس انڈرسٹینڈنگ مقامی سطح پر ہوئی ہے یہ اداروں میں کسی صورت تصادم نہیں ہے۔