شیعہ علما کونسل نے پنجاب میںعزاداری رکاوٹوں،مقدمات کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

درخواست گذار صوبائی صدرعلامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی طرف سے ارشاد چیمہ ایڈووکیٹ نے رٹ دائر کی عزاداری شہری حق ہے، مجالس منعقد کرنے پر عزاداروں کو خوفزدہ کیا گیا، علامہ سبطین سبزواری کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 6 اکتوبر 2017 00:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2017ء) شیعہ علما کونسل پنجاب نے صوبے کے مختلف مقامات پر عزاداری سید الشہدا میں پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے رکاوٹوں اور ایف آئی آرز کے اندراج کو عدالت میں چیلنج کردیا ہے۔ اس حوالے سے رٹ پیٹیشن صوبائی صدرعلامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی طرف سے لاہور ہائی کورٹ میں سینیر وکیل چودھری ارشاد احمد چیمہ نے دائر کردی ہے۔

رٹ کے ساتھ گذشتہ تین سال سے مختلف اوقات میں درج 60 سے زائد ایف آئی آرز کی کاپیاں بھی لف کی گئی ہیں۔شیعہ علما کونسل پنجاب کے نائب صدر علامہ حافظ کاظم رضا نقوی،صوبائی لیگل ایڈوائزر عامر علی بھٹی، ضلعی صدر شوکت علی اعوان، ضلعی جنرل سیکرٹری جعفر علی شاہ ، صغیر عباس ورک اور دیگر رہنما بھی درخواست گذار کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ عزاداری ہمارا شہری اور آئینی حق ہے،مگر پنجاب میں متعدد مقامات پر مجالس عزا اور جلوسوں میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔

حتیٰ کہ چاردیواری کے اندرمساجد ، مدارس ، امام بارگاہوں اورگھروں میں منعقد ہونے والی خواتین کی مجالس کو روکا گیا۔جن لوگوں نے اپنا شہری حق استعمال کرتے ہوئے مجالس منعقد کیں تو پولیس نے مقدمات درج کئے۔ عزاداروں کو خوفزدہ کرنے کے لئے 16۔ ایم پی او کے تحت گرفتاریاں کی گئیں،فورتھ شیڈول میں شریف شہریوں کو ڈالا گیا۔تھانوں میں بلوا کر بانیان مجالس اور ذاکرین کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کیا گیا۔انہوںنے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کے ضلعی افسران کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔ امید ہے کہ عدالت ہمارے ساتھ انصاف کرے گی۔

متعلقہ عنوان :