پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر اور رائل فضائیہ کی ریڈ ایرو ٹیم کا کراچی میں شاندار فضائی مظاہرہ

وزیر اعلی سندھ سمیت اعلی سول و فوجی حکام مظاہرے کی تقریب میں شریک ہوئے

جمعہ 6 اکتوبر 2017 01:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 اکتوبر2017ء) پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر پاک فضائیہ نے سی ویوو کراچی پر ایک مسحور کن فضائی مظاہرے کے انعقاد کیا۔ جہاں پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ فخر پاکستان جے ایف-17تھنڈر کے ساتھ رائل فضائیہ کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ایروبیٹکس ٹیم ریڈ ایرونے ایک دلچسپ فضائی مظاہرہ پیش کیا۔

گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، برٹش ہائی کمشنر،کورکمانڈر کراچی کے علاوہ سیاسی رہنما، پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے یہ شاندار فضائی مظاہرہ دیکھا۔ ائیر وائس مارشل حسیب پراچہ ، ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ نے ان تمام معزز مہمانوں کا استقبال کیا،شو کا آغاز پاکستان میں تیار کردہ جے ایف -17تھنڈر کے قابل دید فضائی مظاہرے سے ہوا جس کو ونگ کمانڈر یاسر مدثر اڑا رہے تھے۔

(جاری ہے)

جے ایف -17تھنڈر کے منظر سے اوجھل ہوتے ہی رائل فضائیہ کی مشہور زمانہ ایروبیٹکس ٹیم ریڈ ایرو افق پر نمودار ہوئی۔ سرخ رنگ کے ہاکس طیاروں میں سوار 9ارکان پر مشتمل ٹیم کی قیادت سکواڈرن لیڈر ڈیوڈ مونٹینگرو کر رہے تھے انہوں نے وہاں موجود حاضرین کو اپنے فضائی کرتبوں سے مبہوت کردیا،قبل ازیں ریڈ ایرو ٹیم کے ارکان نے پاک فضائیہ کے پائلٹس اور سکول اور کالجز کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔

پاک فضائیہ1947میں تقسیم برصغیر سے رائل فضائیہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتی ہے۔ دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی دوستانہ تعلقات کو اور مضبوط بنانے کے لئے دونوں طرف سے اعلیٰ سطحی وفود اکثر و بیشتر دورے کرتے رہتے ہیں۔اس سال کے آغاز میں رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر سٹیفن جان ہیلیئرپی ایف اکیڈمی اصغر خان میں منعقدہ گریجویشن پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی پاکستان کے دورے پر آئے اس دورے کے دوران انہوں نے پاک فضائیہ کے شہرہ آفاق نمبر9سکواڈرن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایف -16طیارے میں بیٹھ کر ایک فضائی تربیتی مشن میں حصہ لیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی رائل فضائیہ کی خصوصی دعوت پر برطانیہ کا دورہ کر چکے ہیں۔