خوشاب میں پولیس وین پر فائرنگ، 3 قیدی جاں بحق، دو پولیس اہلکار زخمی

جمعہ 6 اکتوبر 2017 17:52

خوشاب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 اکتوبر2017ء) خوشاب کے علاقے کھتہ روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروںکی پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ سے 3 قیدی جاں بحق جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خوشاب کے علاقے کھتہ روڈ پر پولیس وین قیدیوں کو لے جارہی تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل سواروں نے وین پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کی حراست میں موجود تین قیدی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اس سلسلے میں علاقے کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فوری طور پر حملہ آوروں کی فائرنگ سے جاں بحق قیدیوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ فائرنگ سے زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔