سانحہ کار ساز،پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا 18 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان

تمام اضلاع، ڈسٹرکٹ اور ڈویثرنوں میں کالی پٹیاں باندھ کر احتجاجی سیمینار اور ریلیاں نکالی جائینگی‘ مخدوم احمد محمود

ہفتہ 7 اکتوبر 2017 16:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدرو سابق گورنر پنجاب سید احمد محمود نے 18 اکتوبر کو پورے جنوبی پنجاب میں یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا ،اس دن پیپلز پارٹی کی شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کی جلا وطنی کے بعد وطن آمد کے موقع پر کراچی میں کار ساز کے مقام پرپارٹی جیالوں کی ریلی کو دہشتگردی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں سینکڑوں جیالے شہید ہوئے تھے ،انکی عظیم شہادت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ دہشتگردوں کی اس بزدلانہ کاروائی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع، ڈسٹرکٹ اور ڈویثرنوں میں کالی پٹیاں باندھ کر احتجاجی سیمینار اور ریلیاں نکالی جائینگی۔

(جاری ہے)

مخدوم احمد محمود نے وہاڑی کی پارٹی تنظیم سے متعلق یہ بھی وضاحت کی کہ وہاں کی کوئی تنظیم نہیں توڑی گئی۔ بلکہ وہاں کی تنظیم کو یہ ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ جلد سے جلد اپنی شہری تنظیموں کو وارڈوں اور پرائمری یونٹ کی سطح پر تنظیم سازی مکمل کریں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ وہاڑی تنظیم میں کچھ عہدوں پر غیر سنجیدہ افراد کی شکایات کی بناء پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

جس میں صوبائی جنرل سیکرٹری نتاشاء دولتانہ، سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، شوکت بسراء، محمود حیات ، ٹوچی خان، عبدالقادر شاہین اور ملک نوشیر لنگڑیال شامل ہیں جو ساری صورتحال کی انکوائری اور فریقین سے ملاقات کر نے کے بعد اپنی سفارشات صوبائی تنظیم کو پیش کریگی۔ جس پرپارٹی رولز کے مطابق کا روائی عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور ورکروں پر زور دیا کہ وہ ذاتی معلاملات یا اختلافات کو اخبارات میں لے جانے سے گریز کریں۔