سوئی سدرن و سوئی نادرن کی جانب سے ملک کے 59 مختلف مقامات پر ایل پی جی ائیرمکس پلانٹس کی تنصیب کاکام جاری

اتوار 8 اکتوبر 2017 14:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2017ء) سوئی سدرن و سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کمپنیوں کی جانب سے ملک کے 59 مختلف مقامات پر ایل پی جی ائیرمکس پلانٹس کی تنصیب کاکام جاری ہے۔سرکاری ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ان علاقوں کو گیس پہنچانا ہے جہاں قدرتی گیس کی سہولت میسر نہیں، اس اقدام سے ان علاقوں میں جنگلات کی کٹائی کی حوصلہ شکنی ہوگی اورلوگوں کو سستا ایندھن فراہم ہوگا ۔

ذرائع نے بتایا کہ ان پلانٹس پرایل پی جی کے ساتھ ہوا کو مکس کیا جائیگا اورانہیں قدرتی گیس کی طرز پرپائپ لائنوں کے ذریعے صارفین تک پہنچایا جائیگا ۔ذرائع نے بتایا کہ پنجاب میں بیور، بان، کرباگلہ دیوال، کمپنی باغ، تریٹ، روات، گھوڑاگلی، اریاری، کروڑ، کوٹلی سلطان، سھنتان والہ کھوٹی ،لہترار اورپنگر جبکہ خیبرپختونخوا کے علاقوں دروش، بالاکوٹ اورآئیون میں یہ پلانٹس نصب ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح آزادجموں وکشمیر کے علاقوں مظفرآباد، راولاکوٹ، کوٹلی، پلندری، باغ، دھیرکوٹ، بھمبر اور گلگت سٹی میں بھی یہ پلانٹ نصب ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سوئی سدرن کے تحت سندھ میں عمرکوٹ اور تھر اوربلوچستان میں ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، خاران، موسیٰ خیل، قلعہ عبداللہ، تربت، خضدار، اوتھل، ونڈر،مسلم باغ، کلی خان زئی، شیرانی، سنجاری، چاغی، پنجگور، ہمال، واشک، واڈ،بارکھان، بولان کچھی، انجیرہ، گانڈوا، جھل مگسی، آواران اوربیلہ میں ایل پی جی ائیرمکس پلانٹس کی تنصیب ہوگی

متعلقہ عنوان :