امریکی صدر کے الزامات ،ْ رواں ماہ پاکستان اور امریکہ کے اعلیٰ سرکاری عہدیداران ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کرینگے

وزیرداخلہ احسن اقبال گیارہ اکتوبر کو واشنگٹن کیلئے روانہ ہونگے ،ْ امریکہ کی اعلیٰ شخصیات سے ملاقات کریں گے

اتوار 8 اکتوبر 2017 14:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کی گئی نئی افغان پالیسی میں پاکستان پر دہشت گردوں کے ساتھ روابط کے الزامات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے خاتمے کیلئے رواں ماہ پاکستان اور امریکا کے اعلیٰ سرکاری عہدریداران ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کریں گے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال آئندہ ہفتے 11 اکتوبر کو واشنگٹن کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ امریکا کی اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔وزیرِ داخلہ کے دورہ واشنگٹن کے بعد امریکی سیکرٹری اسٹیٹ ریکس ٹلرسن رواں ماہ اکتوبر کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے جبکہ امریکی سیکریٹری دفاع جیمز میٹس آئندہ ماہ نومبر میں اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے اپنے دورے کے دوران امریکا پر دوٹوک الفاظ میں واضح کردیا تھا کہ واشنگٹن کی جانب سے اسلام آباد پر تبدیلی کا دباؤ کام نہیں کریگا تاہم اس بیان کی وجہ سے جہاں انہیں پزیرائی حاصل ہوئی وہیں تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔جیمز میٹس نے چند روز قبل واشنگٹن میں کانگریس پینل کو بتایا کہ سیکریٹری اور نیشنل سیکیورٹی اسٹاف پر مشتمل دو امریکی وفود جلد اسلام آباد کا دورہ کریں گے جہاں پاکستان کو افغان جنگ جیتنے کے لیے امریکی کوششوں میں شامل کرنے پر بات چیت کی جائیگی۔