جرمنی میں طوفان سے ہزار کلومیٹر سے زائد طویل ریلوے ٹریک متاثر

متاثرہ ٹریک کو صاف کرنے اور دوبارہ قابل استعمال بنانے میں چند دن لگیں گے، جرمن ریل کمپنی ڈوئچے باہن

اتوار 8 اکتوبر 2017 15:11

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2017ء) جرمنی میں ’خاوئیر‘ نامی طوفان سے ایک ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ طویل ریلوے ٹریک بری طرح متاثر ہوا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سب سے بڑی جرمن ریل کمپنی ڈوئچے باہن نے کہاکہ متاثرہ ٹریک کو صاف کرنے اور دوبارہ قابل استعمال بنانے میں چند دن لگیں گے۔جزوی طور پر سرکاری ملکیت میں کام کرنے والی جرمنی کی قومی ریل کمپنی ڈوئچے باہن نے بتایا کہ اس ہفتے ملک کے شمالی حصوں میں ’خاوئیر‘ نامی جو شدید طوفان آیا، اس دوران چند روز کے اندر اندر مجموعی طور پر مختلف علاقوں میں ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ طویل ریلوے ٹریک متاثر ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ ملکی ریلوے نظام کے اس متاثرہ حصے کی صفائی اور اسے دوبارہ قابل استعمال بنانے کا عمل جاری ہے تاہم اس عمل کی تکمیل میں ابھی چند روز لگیں گے۔

(جاری ہے)

ڈوئچے باہن کے مطابق خاوئیر‘ نامی طوفان نے مجموعی طور پر قریب 500 مقامات پر ریل کی پٹڑیوں کو ناقابل استعمال بنا دیا، جس کی وجہ ٹریک پر گرنے والے درخت، بجلی کے کھمبے اور دیگر عوامل تھے۔

اس ریل کمپنی کے ایک ترجمان نے اتوار کے روز بتایا کہ کئی مقامات پر ریل کی پٹڑیوں کے اوپر سے گزرنے والی اور الیکٹرک ریل گاڑیوں کی آمد و رفت کو یقینی بنانے والی بجلی کی تاریں بھی اس طوفان کے باعث ٹوٹ کر ٹریک پر آ گریں۔ڈوئچے باہن کے ترجمان کے مطابق ریلوے نیٹ ورک کے متاثرہ حصوں کی صفائی اور الیکٹرک تنصیبات کی بحالی کا کام نئے ہفتے کے شروع کے دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :