ون ونڈو سکیم کے تحت چھوٹے کسانوں کو ترجیحی بنیادوں پر قرضہ جاری کیا جائیگا، زرعی ترقیاتی بینک

اتوار 8 اکتوبر 2017 15:11

فیصل آباد۔8 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2017ء) حکومتی ہدایات کی روشنی میں زرعی ترقیاتی بینک نے چھوٹے کسانوں و کاشتکاروں سمیت ملک بھر کے زراعت پیشہ افراد کیلئے گندم اور دیگر فصلات ربیع کی کاشت کی غرض سے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے آسان شرائط کے تحت 15اکتوبر سے زرعی قرضوں کی فراہمی کا اعلان کیا ہے تاکہ 25ایکڑ آبپاش اور 50ایکڑ بارانی رقبہ رکھنے والے کاشتکار گندم سمیت دیگر فصلات ربیع کی کاشت کیلئے بیج، کھاد، دیگر زرعی ضروریات کے حصول کیلئے پاس بک کے زریعے بر وقت قرضے حاصل کر سکیں ۔

زرعی ترقیاتی بینک فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتا یا کہ متعلقہ علاقوں کے موبائل کریڈٹ آفیسرز ہر سوموار کو کاشتکاروں سے قرضوں کی فراہمی کیلئے درخواستیں وصول کریں گے جبکہ متعلقہ زرعی ترقیاتی بینکوں کی برانچز کے منیجرزکو تین روز کے اندر اندر زرعی قرضے جاری کرنے کا پابند بنایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتا یا کہ اس اقدام کا مقصدچھوٹے کاشتکاروں کو با لخصوص اور دیگر کسانوں کو بالعموم تمام ضروری زرعی سہولیات کی فراہمی ہے تاکہ وہ مالی مشکلات سے نجات حاصل کر کے سرسبز زرعی انقلاب لانے اور غذائی خود کفالت میں ممد و معاون ثابت ہو سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کاشتکار کسی بھی تکلیف ، پریشانی ، مسئلہ ، مشاورت کی صورت میں زرعی ترقیاتی بینک کے زونل چیف ، ڈی سیز ، ڈسٹرکٹ آفیسرز ریونیو، ڈسٹرکٹ آفیسرز زراعت سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں ۔ دریں اثناء محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلہ میں فری ایگریکلچر ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے لہٰذا کاشتکار کسی معلومات یا مشاورت کیلئے فری ہیلپ لائن نمبر 0800-15000-29000 پر صبح 8 سے رات 8بجے تک رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :