ختم نبوت ترمیم کی طرح شق 203 کو بھی واپس لیا جائے اور ختم نبوت کے حلف میں تبدیلی کرنے والوں کو فارغ کر کے حکومت ان سے اعلان لاتعلقی کرے ، ختم نبوت کے حلف میں ترمیم کرنے والوں نے اکیس کروڑ پاکستانیوں سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کیا، جماعت اسلامی قبل از وقت انتخابات نہیں چاہتی ، کرزئی کے داعش اور امریکہ کے بارے میں بیان کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے ، کرزئی کا پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بگاڑنے میں نمایاں کردار ہے،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

اتوار 8 اکتوبر 2017 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ ختم نبوت ترمیم کی طرح شق 203 کو بھی واپس لیا جائے اور ختم نبوت کے حلف میں تبدیلی کرنے والوں کو فارغ کر کے حکومت ان سے اعلان لاتعلقی کرے ۔ ختم نبوت کے حلف میں ترمیم کرنے والوں نے اکیس کروڑ پاکستانیوں سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کیا۔

جماعت اسلامی قبل از وقت انتخابات نہیں چاہتی ۔ کرزئی کے داعش اور امریکہ کے بارے میں بیان کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے ۔ کرزئی کا پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بگاڑنے میں نمایاں کردار ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے اجتماع ارکان سے خطاب اور اوکاڑا میں ضلعی امیر ڈاکٹر لیاقت علی کوثر کے بیٹے کی تقریب نکاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجتماع سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ختم نبوت کے حلف نامہ کی ترمیم سے اپنی لاتعلقی ثابت نہیں کر سکتی ۔ حکومتی صفوں میں ایسے عناصر موجود ہیں جو عالمی سامراجی قوتوں کے اشارے پر ناموس رسالت کے قانون کو بدلنے اور ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔

حکومت ان لوگوں کا دفاع کرنے کی کوششوں میں کامیاب نہیںہوسکتی اس لیے اسے عوامی غم و غصہ سے بچنے کے لیے ختم نبوت کے حلف میں ترمیم کرنے کی سازش کرنے والوں کو حکومت سے فارغ کرنا ہوگااور ان کے خلاف فوری طور پر آئین کے مطابق کاروائی کرتے ہوئے ان سے اعلان لاتعلقی کرناہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ عوام اور میڈیا کی بیداری نے اسلام دشمن قوتوں کی اس جسارت کو ناکام بنایا اگر جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی بروقت اس سازش کو بے نقاب نہ کرتے تو ختم نبوت میں نقب لگانے کی کوشش کرنے والوں کو شاید اتنی جلدی ناکامی کا منہ نہ دیکھنا پڑتا ۔

انہوںنے کہاکہ اس اہم ترین اور کروڑوں مسلمانوں کے عقیدہ و ایمان کے مسئلے کو جو لوگ معمولی قرار دے کر اسے نظر انداز کرنے اور بھول جانے کی باتیں کررہے ہیں انہیں بھی اپنے گریبانوں میں جھانک کر اپنے ایمان کا جائزہ لینا چاہیے ۔ سینیٹر سراج الحق نے امریکہ کی طرف سے داعش کی سرپرستی بارے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سابق افغان صدر کرزئی کے بیان کو سنجیدہ نہیں لیناچاہیے ۔

انہوں نے اپنے دور صدارت میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو بگاڑنے میں بڑا نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ جماعت اسلامی قبل از وقت انتخابات کے حق میں نہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ قبل از وقت انتخابات کا فائدہ ہمیشہ حکمرانوں کو ہوا ہے اور انہیںسیاسی شہید بننے کا موقع ملاہے ۔

یہ مطالبہ ایک جماعت کا ہے دیگر اپوزیشن جماعتیں ابھی اس مطالبے کے حق میں نہیں ۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو اپنی مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہیے تاکہ انہیں عوام کے سامنے یہ کہنے کا موقع نہ مل سکے کہ ہماری حکومت کو چلنے اور مدت پوری نہیں کرنے دی گئی اگر ہمیں مدت پوری کرنے کا موقع ملتا تو پاکستان ترقی میں یورپ و امریکہ سے آگے ہوتا۔