عرب فوجی اتحاد کے خلاف اقوام متحدہ کے الزامات بے بنیاد ہیں‘ پاکستان علماء کونسل

کشمیر ، فلسطین ، برما ، شام پر خاموش رہنے والی اقوام متحدہ ارض الحرمین الشریفین اور عرب ممالک کی سلامتی ،امن سے کھیلنے والوں کو تحفظ کیوں دے رہی ہے ‘حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا عبد الکریم ندیم، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید وٹو و دیگر کا مشترکہ بیان

پیر 9 اکتوبر 2017 14:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء) عرب فوجی اتحاد کے خلاف اقوام متحدہ کے الزامات بے بنیاد ہیں، کشمیر ، فلسطین ، برما ، شام پر خاموش رہنے والی اقوام متحدہ ارض الحرمین الشریفین اور عرب ممالک کی سلامتی اور امن سے کھیلنے والوں کو تحفظ کیوں دے رہی ہے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا عبد الکریم ندیم، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا عبد الحمید صابری، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسعد زکریا نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بین الاقوامی سطح پر سازشیں کی جا رہی ہیںاور ان سازشوں کا مقصد اسلام اور مسلمانوں کو کمزور کرنا اور پاکستان اور سعودی عرب کے امن سے کھیلنا ہے ، انہوں نے کہا کہ یمن کے باغی گروہ مسلسل یمنی عوام کا قتل عام کر رہے ہیں ار ض الحرمین الشریفین پر حملہ آور ہیں ، دو مرتبہ یمنی باغی مسلمانوں کے قبلہ مکتہ المکرمہ پر بھی میزائل پھینکنے کی جسارت کر چکے ہیں ، اس ساری صورتحال پر اقوام متحدہ کو چاہیے تھا کہ وہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف عرب فوجی اتحاد کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتی لیکن ایک منظم سازش کے تحت عرب ممالک اور سعودی عرب کے امن و سلامتی سے کھیلنے والوں کی حمایت میں اقوام متحدہ سامنے آئی ہے جسے عالم اسلام قطعی قبول نہیں کرے گا، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بے بنیاد رپورٹوں کی بنیاد پر عرب فوجی اتحاد کو بلیک لسٹ کیا ہے جس کا مقصد صرف اور صرف عرب دنیا میں بد امنی پھیلانے والوں اور ارض الحرمین الشریفین کے امن سے کھیلنے والوں کو مضبوط کرنا ہے ،انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ اقوام متحدہ کی رپورٹوں کو مسترد کرتی ہے اور اقوام متحدہ کے اس عمل کی بھرپور مذمت کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت باہمی اتحاد سے عالمی سطح پر پیدا ہونے والے مسائل کا حل نکالیانہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنا فیصلہ واپس لینا ہو گا ، انہوں نے عرب فوجی اتحاد کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ ارض الحرمین الشریفین کے امن اور سلامتی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔