دشمن نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے ناقابل برداشت نقصان اٹھانا پڑے گا‘ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ کامیابیوں سے ہمکنار ہو رہی ہے‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی ملک نے پاکستان سے بڑھ کر قربانیاں نہیں دیں

پاکستان کو کسی بھی قیمت پر دہشت گردی سے پاک کرنا ہمارا فرض ہے، پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور تربیتی مراکز کو تباہ کرنے میں اہم کردارادا کیا ہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں گریجویٹ کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب

پیر 9 اکتوبر 2017 21:52

دشمن نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے ناقابل برداشت نقصان اٹھانا پڑے گا‘ ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے ناقابل برداشت نقصان اٹھانا پڑے گا‘ کسی کو اپنے اقدام کی غلط تشریح نہیں کرنے دیں گے‘ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ کامیابیوں سے ہمکنار ہو رہی ہے‘ پاکستان کو کسی بھی قیمت پر دہشت گردی سے پاک کرنا ہمارا فرض ہے، پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور تربیتی مراکز کو تباہ کرنے میں اہم کردارادا کیا ہے۔

وہ پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں گریجویٹ کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف نے پاس آئوٹ ہونے والے 129 کیڈٹس کو بیجز لگائے اور گریجویٹ اور ایوارڈ جیتنے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جنرل قمر باجوہ نے سعودی عرب اور اردن کی شاہی فضائیہ کے گریجویٹ کیڈٹس کو بھی مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع کے لئے بہت اہمیت رکھتی ہے ‘ پی اے ایف کی بہترین کارکردگی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ملی، پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور تربیتی مراکز کو تباہ کرنے میں اہم کردارادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ کسی اندرونی و بیرونی خطرے اور جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، دشمن خواہ چھوٹا ہو یا بڑا، مہم جوئی کی صورت میں اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور کسی جارحیت کی صورت میں دشمن کوناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔آرمی چیف نے کہا کہ ہم امن و سلامتی کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، کسی کو بھی اپنے ایکشن کی غلط تشریح نہیں کرنے دیں گے، امن کا قیام ہی پاکستان میں استحکام اور سلامتی کی ضمانت ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے تحت باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائے، پاکستان کو کسی بھی قیمت پر دہشت گردی سے پاک کرناہمارا فرض ہے، دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ کامیابیوں سے ہمکنار ہوگئی ہے اور مسلح افواج قوم کے تعاون سے جلد کامیابی حاصل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، کسی ملک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے بڑھ کر قربانیاں نہیں دیں، بدقسمتی سے عالمی برادری نے پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا۔