علما ء کرام کا حکومت سے تعاون مثالی ہے ، گورنر سندھ

صوبہ میں ہر ایک بھائی چارے ، رواداری ، اتفاق و یگانگت ،محبت اور افہام و تفہیم کی بات کا متمنی نظر آتا ہے، محمد زبیر مثالی معاشرہ کی تشکیل کے لئے ہر ایک کی عزت و تکریم کرنا ہوگی،ملت جعفریہ پاکستان کے پانچ رکنی وفد سے گفتگو

پیر 9 اکتوبر 2017 22:18

علما ء کرام کا حکومت سے تعاون مثالی ہے ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اسلام نہ صرف انسانیت کا واضح درس دیتا ہے بلکہ ایک مکمل ضابطہ حیات بھی ہے ، اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعہ سے ہی رضائے الٰہی کا حصول ممکن ہے ، اسلامی ریاست میں عدم برداشت کا رویہ اسلامی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرہ سے نفرتوں کو ختم کرکے محبت کے پیغام کو عام اور سب کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا،مجھے یہ دیکھ کر بے حدخوشی ہوتی ہے کہ صوبہ میں ہر ایک بھائی چارے ، رواداری ، اتفاق و یگانگت ،محبت اور افہام و تفہیم کی بات کا متمنی نظر آتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میںملت جعفریہ کے مرکزی رہنما علامہ شبیر حسین میثمی کی قیادت میں آنے والے پانچ رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔

(جاری ہے)

وفد میں سید ناصر عباس نقوی ، علامہ جعفر سبحانی ، علامہ فیاض حسین مطہری اور دیگر شامل تھے ۔ وفد نے محرم الحرام کے پرا من انعقاد پر حکومت ،رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف بھی کی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ معاشرہ میں عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کے لئے علما ء کرام محراب و منبر سے اسلامی تعلیمات کو عام کریں ،مثالی معاشرہ کی تشکیل کے لئے ہر ایک کوعزت و تکریم کو فوقیت اور ہر سطح پر اس کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی ،قائد کے پاکستان میں ہر ایک کو مکمل آزادی حاصل ہے اور اس آزادی کا دین اسلام اور آئین پاکستان بھی تقاضہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام قربانی کا درس دینے والا مقدس مہینہ ہے اور ایک اچھے پیغام کو عام کرنے کی ذمہ داری ہم سب پر ہے ، امام حسین ؓ نے ایک عظیم مقصد کے لئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرکے ایک عظیم مثال قائم کی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا کام بلا تفریق ، رنگ و نسل ، فرقہ ،مسلک اور مذہب کے اپنی رٹ قائم کرنا اور تمام لوگوں کو یکساں حقوق فراہم کرناہے اور غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح قرار دینا بھی ریاست کا ہی کام ہے اسی طرح قانون کی عملداری بھی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، قانون شکنی کرنے والے کو ہر صورت قانو ن کی گرفت میں لاکر ہی مثالی معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے اس ضمن میں علما کرام کا حکومت سے تعاون مثالی رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کا کوئی مذہب ، مسلک اور فرقہ نہیں ہو تا ہے یہ لوگ مذہب ، فرقہ اور مسلک کی چادر اوڑھ کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرتے ہیں یہ انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اس ضمن میں عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کرکے ان عناصر کو بے نقاب کریں ۔ وفد نے کہا کہ گورنر سندھ وفاق کا صوبہ میں سپریم نمائندہ ہوتا ہے اور ہمیں اس کی خوشی ہے کہ گورنر سندھ محمد زبیر کی سوچ اور فکر صوبہ با الخصوص کراچی کے ہر میدان کی ترقی کے بارے میں قابل تحسین ہے اور ہر مکتب فکر کو عزت و وقار کے ساتھ اس کے صحیح مقام تک پہنچانا امن کا ضامن ہوتا ہے ۔

وفد نے قومی کنونشن کے کراچی میں انعقاد اور اس حوالہ سے سفارشات اور اپنے مسائل سے گورنر سندھ کو تفصیلی آگاہ بھی کیا ۔ وفد نے گورنر سندھ کو چہلم امام حسین ؓ میں شرکت کرنے کی دعوت بھی دی جسے گورنر سندھ نے قبول کرلی ۔

متعلقہ عنوان :