ملتان میں میگاپراجیکٹس کی تکمیل سے براہ راست عوام مستفید ہوں گے‘ملک رفیق رجوانہ

شہر لٹکتی تاروں اور ان سے پیدا ہونے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے‘گورنر پنجاب

منگل 10 اکتوبر 2017 19:27

ملتان میں میگاپراجیکٹس کی تکمیل سے براہ راست عوام مستفید ہوں گے‘ملک ..
ْلاہور/ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خدمت میں عظمت ہے،فلاحی کاموں کا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے، ملتان میں میگاپراجیکٹس پر برق رفتاری سے کام جاری ہے اور ان کی تکمیل سے براہ راست عوام مستفید ہوں گے، نئے انرجی یونٹس کے فنکنشل ہونے سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہورہا ہے، اندرون شہر لٹکتی تاروں اور ان سے پیدا ہونے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، جوڈیشل کمپلیکس میں پلانٹیشن‘چیمبرز کے لئے سکیم تیارا ورسیف سٹی پراجیکٹ کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہائوس ملتان میں ترقیاتی کاموں بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ،ریجنل پولیس آفیسر محمد ادریس احمد، سٹی پولیس آفیسرچوہدری محمد سلیم، ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ، ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے رانا رضوان قدیر، چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو محمد اکرم چوہدری، منیجنگ ڈائریکٹر واسا رائو محمد قاسم، ڈپٹی مئیر و ممبر زکوٰة کونسل پنجاب میاں سعید احمد انصاری، چیئرمین زکوٰة کمیٹی ملتان عامر سعید انصاری و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو بتایاکہ ملتان میں رننگ پراجیکٹس کے لئے فنڈز باقاعدگی سے موصول ہورہے ہیں جلد ہی ان کی تکمیل سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ریجنل پولیس آفیسر محمد ادریس احمد نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ملتان میں کرائم ریٹ کنٹرول میں ہے۔سی ٹی ڈی کی کارروائیوں کی بدولت دہشت گردوں کو پکڑا جارہا ہے۔

سیف سٹی پراجیکٹ پر کام جاری ہے جس سے شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا ہوگا۔ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئے جوڈیشل کمپلیکس کا 99فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ بیوٹیفکیشن کے لئے 50ملین کے فنڈز درکارہیں جس کے حصول کے لئے کام جاری ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے انہیں ہدایت کی کہ پلانٹیشن کی ذمہ داری پی ایچ اے کو دی جائے جبکہ وکلاء چیمبرز کے لئے بھی پلان تیار کیا جائے۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر واسا رائو محمد قاسم نے بتایا کہ ملتان میں نکاس آب کے لئے میگا پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جو 2ماہ میں مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قاسم بیلا ڈسپوزل پر نکاس آب کے بوجھ کے پیش نظر 75ملین روپے کا ایک منصوبہ بھی تیار کیا جارہا ہے جس کے تحت شہر کا سیوریج کا پانی دریائے چناب میں ڈالا جائے گا۔