اساتذہ ہمارے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں،رانا مشہود احمد خان

منگل 10 اکتوبر 2017 19:30

اساتذہ ہمارے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں،رانا مشہود احمد خان
لاہور۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ اساتذہ ہمارے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔ انہوںنے یہ بات گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لودھراں میں ٹیکنکل ٹیچرز ٹریننگ لیباٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کی صدارت سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈی پی آئی مہر مشتاق احمد سیال، ڈپٹی کمشنر لودھراں راجہ خرم شہزاد، سی ای او تعلیم میاں محمد اسماعیل ، چیئر مین ضلع کونسل میاں راجن سلطان پیرزادہ، ایم پی اے عامر اقبا ل قریشی، ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) طاہر امیر غوری، ہیڈ مسٹریس ہائی سکول کشور سلطانہ، ڈی او تعلیم جمال ناصر، محمد اسلم قیصرانی، برٹش کونسل کے نمائندے محمد علی ، طلباء و طالبات اور ان کے والدین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہاکہ حکومت پنجاب نے پنجاب بھر میں 2لاکھ 20ہزار ایجوکیٹرز بھرتی کیئے ہیں اور تمام اساتذہ کو نچلی سطح سے لیکر ہائی سطح تک تربیت دی جاری ہے ۔ انہوںنے وزیراعلیٰ پنجاب سے ایوارڈ یافتہ سٹارٹیچرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بین الاقوامی ٹیچر ز ٹریننگ سے آراستہ کریں گے ۔ا نہوںنے اُن کی احسن کارکردگی پر ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطور انعام دینے کا بھی اعلان کیا ۔

صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان نے اس موقع پر ہیڈ مسٹریس کے مطالبہ پر گرلز ہائی سکول میں مزید 12اضافی کمروں کی فوری تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش نے اپنے خطاب میں شعبہ تعلیم میں حکومت پنجاب کے انقلابی اقدامات سے روشناس کرایا ۔ ہیڈمسٹریس نے سپاسنامہ میں سکول کی کارکردگی پیش کی۔ قبل ازیں انہوںنے سلائی کڑائی ، بیوٹی پارلر، آرٹ اینڈ کرافٹ اور ملبوسات کی تیاری کیلئے لیب کا افتتاح بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :