نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت ہماری اولین ترجیح ہے ، رانا مشہود احمد خان

منگل 10 اکتوبر 2017 19:30

نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت ہماری اولین ترجیح ہے ، رانا مشہود احمد خان
لاہور۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ویژن کے مطابق با مقصد اور بہترین تعلیم کے لیے مربوط حکمت عملی وضع کی گئی ہے تاکہ مستقبل کے اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاول پور ڈویژن کے سکولز ایجوکیشن افسران سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک، سی ای او ایجوکیشن بہاول پور چوہدری بشیر احمد، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن علی احمد چوہدری ، سی ای او ایجوکیشن رحیم یارخاں، بہاول نگر، اور ڈویژن بہاول پور کے سکولز ایجوکیشن کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان نے ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی کہ ایجوکیشن روڈ میپ پالیسی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے تمام تراقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا مستقبل تعلیم کے ساتھ وابستہ ہے اور ان کی بہترین تعلیم و تربیت ہماری ذمہ داری ہے۔ صوبائی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں بچوں کے داخلوں کے اہداف اور ڈراپ آؤٹ کو ختم کرنے سمیت کوالٹی ایجوکیشن کا فروغ ایجوکیشن روڈ میپ کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کی ایجوکیشن اتھارٹی جامع منصوبہ بندی کے تحت سکولوں میں داخلوں کی شرح کو بڑھانے اور گاؤں گاؤں ، قریہ قریہ، علم کی روشنی پھیلانے کے لیے خدمت کے جذبہ کے تحت بھرپور کردار ادا کرے۔