ملتان میں میگاپراجیکٹس کی تکمیل سے عوام براہ راست مستفید ہوں گے۔، گورنر پنجاب

نئے انرجی یونٹس کے فنکنشل ہونے سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہورہا ہے،‘ اندرون شہر لٹکتی تاروں اور ان سے پیدا ہونے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے ،رفیق رجوانہ کا اجلاس سے خطاب

منگل 10 اکتوبر 2017 20:11

ملتان میں میگاپراجیکٹس کی تکمیل سے عوام براہ راست مستفید ہوں گے۔، گورنر ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2017ء) گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خدمت میں عظمت ہے‘ فلاحی کاموں کا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے‘ ملتان میں میگاپراجیکٹس پر برق رفتاری سے کام جاری ہے اور ان کی تکمیل سے براہ راست عوام مستفید ہوں گے۔ نئے انرجی یونٹس کے فنکنشل ہونے سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہورہا ہے‘ اندرون شہر لٹکتی تاروں اور ان سے پیدا ہونے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔

جوڈیشل کمپلیکس میں پلانٹیشن‘چیمبرز کے لئے سکیم تیارا ورسیف سٹی پراجیکٹ کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہائوس ملتان میں ترقیاتی کاموں بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ،ریجنل پولیس آفیسر محمد ادریس احمد، سٹی پولیس آفیسرچوہدری محمد سلیم، ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ، ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے رانا رضوان قدیر، چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو محمد اکرم چوہدری، منیجنگ ڈائریکٹر واسا رائو محمد قاسم، ڈپٹی مئیر و ممبر زکوٰة کونسل پنجاب میاں سعید احمد انصاری، چیئرمین زکوٰة کمیٹی ملتان عامر سعید انصاری و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو بتایاکہ ملتان میں رننگ پراجیکٹس کے لئے فنڈز باقاعدگی سے موصول ہورہے ہیں جلد ہی ان کی تکمیل سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ریجنل پولیس آفیسر محمد ادریس احمد نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ملتان میں کرائم ریٹ کنٹرول میں ہے۔سی ٹی ڈی کی کارروائیوں کی بدولت دہشت گردوں کو پکڑا جارہا ہے۔

سیف سٹی پراجیکٹ پر کام جاری ہے جس سے شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا ہوگا۔ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئے جوڈیشل کمپلیکس کا 99فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ بیوٹیفکیشن کے لئے 50ملین کے فنڈز درکارہیں جس کے حصول کے لئے کام جاری ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے انہیں ہدایت کی کہ پلانٹیشن کی ذمہ داری پی ایچ اے کو دی جائے جبکہ وکلاء چیمبرز کے لئے بھی پلان تیار کیا جائے۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر واسا رائو محمد قاسم نے بتایا کہ ملتان میں نکاس آب کے لئے میگا پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جو 2ماہ میں مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قاسم بیلا ڈسپوزل پر نکاس آب کے بوجھ کے پیش نظر 75ملین روپے کا ایک منصوبہ بھی تیار کیا جارہا ہے جس کے تحت شہر کا سیوریج کا پانی دریائے چناب میں ڈالا جائے گا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا رضوان قدیر نے گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ کو بتایا کہ ملتان میں آبادی کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ نئے پارکس بنائے جارہے ہیں جبکہ دیگر پارکس میں پلانٹیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ ترقیاتی کاموں کے دوران سٹے آرڈرز کی صورت میں گورنر پنجاب نے انہیں ہدایت کی کہ ہر پیشی کے موقع پر لا افسران سے باقاعدگی کے ساتھ رپورٹ لی جائے تاکہ خامیوں کو دور کر کے ترقیاتی کام بحال کئے جاسکیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے مزید بتایا کہ پبلسٹی کی مد میں ٹھیکہ 10کروڑ روپے سے بڑھ کر 16کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے اور اپنے وسائل سے اخراجات پورے کررہا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو محمد اکرم چوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو بتایا کہ لائن لاسز کو کم کرنے کے لئے بحالی پروگرامز لانچ کئے گئے ہیں ۔

میپکو پر بوجھ کو کم کرنے کے لئے ساہیوال میں سیپکواور بہاولپور میں بیسکو کمپنیاں بھی بنانے کی سمری تیار ہے۔ 57لاکھ کنزیومرز کے تقسیم ہونے سے میپکو کی کارکردگی مزید بہتر ہوجائے گی۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ہدایت کی کہ پرانی ٹرانسمیشن لائنوں کو اپ گریڈ کیاجائے‘ نئے انرجی یونٹس کے فنکشنل ہونے سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہورہا ہے جبکہ مارچ 2018میں مزید بجلی سسٹم میں داخل کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل فوری حل کئے جائیں جبکہ اندرون شہر میں لٹکتی تاروں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ڈپٹی مئیر و ممبر زکوٰة کونسل پنجاب حاجی سعید احمد انصاری نے اس موقع پر بتایا کہ شاہین پلازہ کی تعمیر مکمل نہ ہونے سے پارکنگ کے مسائل پیش آرہے ہیں ۔پیر روشن دربار سے حافظ جمال اورشاہ رکن عالم کے درمیان سڑک کے لئے رقبہ ایکوائر کرایا جائے۔ جس پر گورنر پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں کی سمریاں تیار کی جائیں تاکہ عوامی مسائل فوری حل کئے جاسکیں۔بعدازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے مسلم لیگی رہنما امیر اللہ شیخ سمیت شہریوں نے سرکٹ ہائوس ملتان میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے ان کے مسائل کے حل کے لئے احکامات بھی جاری کئے۔