وفاقی کابینہ کا صوبائی کوٹہ کے معاملے کو پارلیمنٹ اور مشترکہ مفادات کونسل کے فورم پر زیر بحث لانے کا فیصلہ

وزیراعظم کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو اس معاملے پر جامع جائزہ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت اجلاس میں پاکستان کے اٹلی کیساتھ سفارتی پاسپورٹ کی تنسیخ سے متعلق مذاکرات ، سری لنکا ، فرانس اور نیپال کیساتھ دوہرے ٹیکسوں سے بچائو کے کنونشن میں ترمیم ، پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان زرعی تحقیق میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں اوربندگاہوں وجہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے میری ٹائم افیئرز کرنے اور ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے کے تقرر کی منظوری

منگل 10 اکتوبر 2017 23:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2017ء) وفاقی کابینہ نے پاکستان کے اٹلی کیساتھ سفارتی پاسپورٹ کی تنسیخ سے متعلق مذاکرات ، سری لنکا ، فرانس اور نیپال کیساتھ دوہرے ٹیکسوں سے بچائو کے کنونشن میں ترمیم ، پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان زرعی تحقیق میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں اوربندگاہوں وجہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے میری ٹائم افیئرز کرنے کی منظوری دے دی جبکہ صوبائی کوٹہ کے معاملے کو تفصیلی طور پر پارلیمنٹ اور مشترکہ مفادات کونسل کے فورم پر زیر بحث لانے کا فیصلہ کیاہے،وزیراعظم نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی کوٹہ کے معاملے پر ایک جامع جائزہ رپورٹ تیار کرے۔

منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ، وفاقی کابینہ نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے ویزا کی شرط ختم کرنے کے لئے مذاکرات کے مسودے پر دستخطوں کی منظوری دی ،کابینہ نے پاکستان اور سری لنکا ، نیپال ، فرانس ، تیونیسیا ، مراکش اور پرتگال سمیت دیگر ممالک کیساتھ دوہرے ٹیکسوں سے بچائو ، ٹیکسوں کے حوالے سے مالی معاملات اور اس حوالے سے معلومات کے تبادلے بارے موجودہ کنونشنز میں بھی ترمیم کی اجازت دی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان ایگری کلچر ریسرچ کونسل اور بلغاریہ کی ایگری کلچر اکیڈمی کے درمیان زراعت کے شعبے میں سائنسی اور تکنیکی تعاون کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخطوں کی بھی منظوری دی ۔ اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے کے تقرر کی بھی منظوری دی گئی ۔ کابینہ نے وزارت پورٹس اینڈ شپنگ کو وزارت میری ٹائم افیئرز میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی منظور کی ۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بزرگ شہریوں کی بہبود کے حوالے سے ویلفیئر آف سینئر سٹیزن بل 2017پر بھیغوروخوض کیا گیا ۔ یہ بل بزرگ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کی ضروریات پوری کرنے سے متعلق ہے ۔صوبائی کوٹہ کے حوالے سے بھی اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی گئی جو وفاقی سطح پر سی ایس ایس اور دوسری آسامیوں پر بھرتیوں کے عمل سے متعلق ہے ۔اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے کو تفصیلی طور پر پارلیمنٹ کے ایوان اور مشترکہ مفادات کونسل کے فورم پر زیر بحث لایا جائے ۔

وزیراعظم نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی کوٹہ کے معاملے پر ایک جامع جائزہ رپورٹ تیار کرے جس میں اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ اس پالیسی کے اب تک کیا اثر پڑے ہیں اور اس پالیسی کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے مجوزہ مناسب ترامیم کی جائیں ۔