وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے،سری لنکا، نیپال، فرانس، تیونس، مراکش اور پرتگال کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچائوکے موجودہ کنونشن میں ترمیم کی منظوری

منگل 10 اکتوبر 2017 23:24

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،بندرگاہوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2017ء) وفاقی کابینہ نے بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منگل کو منعقد ہوا۔ کابینہ نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پارسپورٹ رکھنے والوں کیلئے ویزہ ختم کرنے کے معاہدہ کے مذاکراتی مسودہ پر دستخط کی منظوری بھی دی۔

اجلاس نے سری لنکا، نیپال، فرانس، تیونس، مراکش اور پرتگال کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچائو اور آمدنی پر ٹیکسوں کے حوالہ سے مالیاتی اجتناب کی روک تھام کے موجودہ کنونشن میں ترمیم کی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور بلغاریہ کی زرعی اکیڈمی کے درمیان زرعی تحقیق کے میدان میں سائنسی و تکنیکی تعاون کیلئے ایم او یو پر دستخط کی بھی منظوری دی۔

(جاری ہے)

کابینہ نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی ای) کے ممبر (ایڈمنسٹریشن) کے تقرر کی منظوری دی جبکہ بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ویلفیئر سیٹیزن بل 2017ء پر بھی غوروغوض کیا، مجوزہ بل کا مقصد بزرگ شہریوں کو سہولت دینا اور ان کی ضروریات پورا کرنا ہے۔ وفاقی سطح پر سنٹرل سپریئر سروسز (سی ایس ایس) میں بھرتی کیلئے صوبائی کوٹہ رجیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث اور مشترکہ مفادات کونسل میں بھی اس پر بات کی جائے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ پالیسی کے تناظر میں کوٹہ رجیم کے جامع جائزہ کے ساتھ ساتھ پالیسی کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے مناسب تجاویز بھی دیں۔

متعلقہ عنوان :