الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن پر فیصلہ محفوظ کرلیا

بدھ 11 اکتوبر 2017 13:50

الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن پر فیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ بدھ کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔سماعت کے دوران ملی مسلم لیگ کے وکیل راجہ عبدالرحمان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے تمام قانونی تقاضے پورے کئے اور ہمارے کسی پارٹی عہدیدار کا کالعدم تنظیم سے تعلق نہیں ۔

چیف الیکشن کمشنر نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ملی مسلم لیگ سے متعلق وزارت داخلہ کا خط آپ کے علم میں ہے جس پر وکیل نے کہا کہ خط میں کہا گیا کہ اس جماعت کی رجسٹریشن سے سیاست میں تشدد کا عنصر آسکتا ہے اور ہمیں وزارت داخلہ کے خط میں استعمال کی گئی زبان پر اعتراض ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزارت داخلہ کے خط سے تو لگتا ہے آپ کی جماعت کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے۔

وکیل نے کہا کہ وزارت داخلہ نے شواہد کے بغیر ایک جواب دے دیا ہے ،ْکیا اب ہر سیاسی جماعت کو وزارت داخلہ سے کلیئرنس لینا ہوگی اور کیا الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کی سفارش پر عملدرآمد کرنے کا پابند ہے۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ وفاقی حکومت سے رجوع کیوں نہیں کرتے جس پر وکیل نے کہا کہ کس قانون کے تحت ہم وفاقی حکومت سے رجوع کریں ،ْالیکشن کمیشن جماعت کی رجسٹریشن کے لئے وزارت سے رائے لینے کا پابند نہیں۔

وکیل نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن قانون کے مطابق ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن پر فیصلہ کرے جب کہ دلائل مکمل ہونے کے لئے الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ خیال رہے کہ 7 اگست کو مذہبی جماعت 'جماعت الدعوةنے ملی مسلم لیگ کے نام سے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا جب کہ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کے لئے این او سی طلب کیا تھا۔دوسری جانب وزارت داخلہ نے ملی مسلم لیگ کو رجسٹرڈ نہ کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر نئی جماعت کو رجسٹرڈ نہ کرنے کی سفارش کی تھی۔خط کے مطابق وزارت داخلہ نے ملی مسلم لیگ کو رجسٹرڈ نہ کرنے کا فیصلہ وزارت خارجہ اور انٹیلی جنس ایجنسیز کی سفارشات پر کیا ۔