مقبوضہ کشمیر ،ْ جھڑپ کے دوران دو بھارتی کمانڈوز ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے

قابض فوج کی فائرنگ سے تین کشمیری نوجوان بھی شہید ،ْ واد ی کے مختلف علاقوں میں ہڑتال اور مظاہرے بھارتی فورسز کے تشدد سے متعدد افراد زخمی ،ْ کئی گرفتار ،ْ قابض بھارتی فورسز نے علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی معطل کردی

بدھ 11 اکتوبر 2017 15:21

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جھڑپ کے دوران دو بھارتی کمانڈوز ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ قابض فوج کی فائرنگ سے تین کشمیری نوجوان بھی شہید ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں کریک ڈاؤن کرکے مزید تین نوجوانوں کو شہید کردیا۔ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 روز کے دوران شہدا کی تعداد6 ہوگئی ہے۔

ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق بانڈی پورہ کے علاقے حاجن کے گاؤں پاری بل میں عسکریت پسندوں کے حملے میں بھارتی فوج کے 2 کمانڈوز ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے بھارتی ائرفورس کے کمانڈوز تھے جو بانڈی پورہ میں ہونے والے سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے تھے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجی حکام نے بتایا کہ کشمیری جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فورسز نے ایک مکان کا محاصرہ کیا جہاں موجود جنگجوؤں نے فوج کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

جھڑپ میں 2 فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ بھارتی حکام کے مطابق ایئر فورس کے کمانڈوز کو تجربہ و تربیت کے لیے فوجی آپریشن میں شامل کیا گیا تھا جو ان کا پہلا اور آخری آپریشن ثابت ہوا ادھر قابض بھارتی فورسز نے علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی معطل کردی جس کے باعث شہریوں کومشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز اور جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے وادی کے مختلف علاقوںمیں ہونے مظاہروں کے دور ان بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر تشدد کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے اور کئی گرفتار کرلیا گیا