محکمہ پولیس میں جزا و سزا کا عمل جاری ہے،

ستمبر میں 30 پولیس افسران کو سزائیں اور 55 کو انعامات سے نوازا گیا ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور کا محکمہ پولیس کے ماہانہ اجلاس سے خطاب

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:04

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس میں جزا و سزا کا عمل جاری ہے، ماہ ستمبر میں 30 پولیس افسران کو مختلف نوعیت کی سزائیں اور55 پولیس افسران و جوانوں کو کارکردگی کے بنیاد پر انعامات سے نوازا گیا ہے۔ وہ بدھ کو محکمہ پولیس کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس میں ایس پی شعبہ تفتیش، تمام ایس ڈی پی اوز اور ضلع ایبٹ آباد کے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ضلع پولیس ایبٹ آباد نے جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کاروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، تمام جرائم پیشہ افراد کے خلاف خفیہ ذرائع سے معلومات حاصل کر کے بھرپور کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع ایبٹ آباد کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو بتایا کہ ماہ ستمبر میں 42 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو قتل، اقدام قتل اور ڈکیتیوں کے مقدمات میں ملوث تھے، 13 عدالتی مفروروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا گیا جو عدالتوں سے ضمانت ہونے پر رہائی کے بعد روپوش ہو چکے تھے۔

اس مہم کے دوران پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا اور ماہ ستمبر میں 49.510 کلو گرام چرس، 2.794 کلو گرام ہیروئن اور شراب کی95 بوتلیں برآمد کر کے مقدمات درج کر چکی ہے۔ پولیس نے ناجائز اسلحہ کے خلاف بھرپور کاروائیاں جاری رکھیں، دو کلاشنکوف، 65 بندوقیں، 56 پستول اور 1009 سے زائد کارتوس مختلف بور برآمد کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ماہ موٹر سائیکل چوری کا ایک مقدمہ درج ہوا جس کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے تین سرقہ شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئے، پولیس نے اس دوران ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے 67852 لوگوں کا ریکارڈ چیک کیا،66356 گاڑیوں کو بذریعہ وی وی ایس چیک کیا گیا۔

سید اشفاق انور نے کہا کہ جزا و سزا کا عمل جاری رہا اور30 پولیس افسران کو مختلف نوعیت کی سزائیں دی گئیں جبکہ 55 پولیس افسران اور جوانوں کو کارکردگی کی بنیاد پر انعامات سے نوازا گیا۔ ضلعی پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے واضح کیا ہے کہ انشاء الله پولیس کے کام میں بہتری کیلئے تمام تھانہ جات کی سپر ویژن جاری ہے اور عوام کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی خواہشمند ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر پر پے در پے کارروائیاں کی جائیں گی اور بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ضلعی پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے محرم الحرام کے دوران اچھی ڈیوٹی سرانجام دینے پر تمام افسران کو شاباش دی اور خصوصاً عوام والناس کے تعاون پر عوام کا شکریہ دا کیا اور عوام الناس سے اپیل کی کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :